ادارہ ترقیات ،ڈی جی اپنے ہی ادارے میں سسٹم کے آگے بے بس
شیئر کریں
کروڑوں مالیت کے سرجانی کے کمرشل پلاٹ نمبر SB-15کی فائل بغیرریکارڈ ٹرانسفر
فائل پر ریکارڈ روم کی جعلی مہر لگا کر تصدیق کی گئی،عارف شاہ سسٹم ملوث ہونے کے اشارے
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سسٹم کے آگے بے بس ،ادارہ ترقیات کراچی کے لینڈ اینڈ ریکوری ڈیپارٹمنٹ میں مبینہ طور پر سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے ، جہاں عارف شاہ سسٹم نے سرجانی کے کروڑوں روپے مالیت کے کمرشل پلاٹ نمبر SB-15، سیکٹر 6-Cکی فائل مبینہ طور پر ریکارڈ فائل نہ ہونے کے باوجود ہی ٹرانسفر کروا دی ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ کمرشل پلاٹ کو مبینہ طور پر ایک بیلٹ پلاٹ پر ہی الٹرنیٹ کیا گیا، حالانکہ متعلقہ فائل ریکارڈ روم میں موجود ہی نہیں تھی۔ اس کے باوجود فائل پر ریکارڈ روم کی مبینہ جعلی مہر لگا کر اسے ویریفائی کر دیا گیا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریکارڈ کی عدم موجودگی کے باوجود ریکوری ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ چالان بھی جاری کر دیے گئے ، جس سے پورے عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔ باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ معاملہ نہ صرف سرکاری ریکارڈ میں رد و بدل بلکہ قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے ممکنہ نقصان کا باعث بھی بن سکتا ہے ۔ متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس معاملے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ریکارڈ کی فرانزک جانچ کی جائے اور اگر کسی افسر یا اہلکار کا کردار سامنے آئے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔


