میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
راجن پور میں تیز رفتار مسافر بس کو حادثہ، 10 افراد جاں بحق،37 زخمی

راجن پور میں تیز رفتار مسافر بس کو حادثہ، 10 افراد جاں بحق،37 زخمی

جرات ڈیسک
بدھ, ۲۱ اکتوبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

واقعہ راجن پور میں انڈس ہائی وے بنگلہ ہدایت کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار بس ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی، ریسکیو

وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کا بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار،زخمی مسافروں کے بہترین علاج کا حکم

 

راجن پور میں صبح سویرے سویرے انڈس ہائی وے پر ستارہ پمپ نزد بنگلہ ہدایت کے قریب کراچی سے ڈی جی خان جانے والی عادل شاہ مسافر بس زیرِ تعمیر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے باعث خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں10فراد جاں بحق اور37 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا ،اسسٹنٹ کمشنر روجہان محمد اشرف صالح اور ریسکیو کے ڈسٹرکٹ انچارج ڈاکٹر محمد اسلم بھی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچے، بنگلہ ہدایت پوائنٹ سے ایک ایمبولینس، روجھان ریسکیو اسٹیشن سے 3 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل جبکہ راجن پور سٹی سے مزید 7 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل جائے حادثہ پر پہنچیں ، مجموعی طور پر 11 ایمبولینسز اور 2 ریسکیو وہیکلز نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ ٓریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ۔

حادثے میں 10افراد جاں بحق ہوئے جن میں مریم بی بی دختر حماد احمد، عمر 25 سال سکنہ تونسہ وہوا،ثروہ رشید دختر رشید احمد عمر 4 سال سکنہ تونسہ شریف، رشید احمد ولد اللہ وسایا عمر 45 سال سکنہ تونسہ شریف، محمد آصف ولد نامعلوم عمر 35 سال سکنہ ملتان،محمد کاشف ولد منظور احمد عمر 30 سال سکنہ کوٹ چھٹہ،لال ناز زوجہ نامعلوم عمر 75 سال سکنہ ڈیرہ غازی خان،محمد رستم ولد خان محمد عمر 26 سال سکنہ ڈیرہ اسماعیل خان،عبدالمنان ولد سونارا عمر 30 سال سکنہ ڈیرہ اسماعیل خان،محمد طارق ولد اللہ بخش عمر 40 سال سکنہ بستی لکھی وہوااور شوکت ولد قادر بخش عمر 45 سال سکنہ تونسہ شریف شامل ہیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق 13 زخمی مسافروں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، 24 شدید زخمیوں کو مزید علاج معالجہ کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال راجن پور اور قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی مسافروں کے بہترین علاج کا حکم دے دیا۔مریم نواز نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کی۔وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے حادثے کے ذمے داروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کر دی۔واضح رہے گزشتہ روز ملتان میں بھی تیز رفتار کار سڑک پر رکھے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی تھی جس کے باعث 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں