میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
خلیجی لڑائی کے کچھ حیران کُن پہلو

خلیجی لڑائی کے کچھ حیران کُن پہلو

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۹ مارچ ۲۰۲۶

شیئر کریں

حمید اللہ بھٹی

ایران پر حملوں کو عالمی تائید حاصل نہیں ہو سکی جوکہ بہت حیران کُن ہے ,دنیا کے بیس فیصد تیل کی ترسیل کا ذریعہ آبنائے ہُرمز کی بندش نے متاثرہ ممالک کو پریشان کردیا ہے ،یہ ٹھیک ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کو ایران باوجودکوشش تگڑا جواب نہیں دے سکا ،جس کی وجہ فضائیہ اور بحریہ کی کمزوری ہے لیکن میزائل اورڈرونز سے حملے کر رہا ہے۔ طوالت اختیار کرتی اِس لڑائی پر امریکہ ورطہ حیرت میں ہے کیونکہ اُس کا اندازہ تھا کہ سپاہ آتے ہی ایران جُھک جائے گا اور امریکی شرائط تسلیم کرلے گا۔ مگر یہ اندازہ غلط ثابت ہواہے جس پر غصے میں اسرائیل کے ساتھ مل کرایران پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیے اور ایرانی انفراسٹرکچر کو ملیا میٹ کرنے کے ساتھ سپریم لیڈر بھی مار دیا ہے ۔ایران بھی شکست تسلیم نہیں کرہا اور نہ صرف خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنا رہاہے بلکہ اسرائیل کوبھی نشانے پرلے رکھاہے جس سے ہونے والی تباہی ذرائع ابلاغ دنیا کو بتارہے ہیں ۔لڑائی کا ایک اہم پہلو ایران کی طرف سے بند کیے آبنائے ہُرمز کو باوجود کوشش کھلوانہ سکناہے امریکہ نے اپنے روایتی حامیوں کے ساتھ چین سے بھی مدد طلب کی لیکن ٹرمپ پُکار کا کسی طرف سے بھی مثبت جواب نہیں آیا۔ جاپان،آسٹریلیا ،جرمنی ، فرانس اور برطانیہ نے آبنائے ہُرمز پر لگائی ایرانی بندش ختم کرانے کے لیے بحری نفری بھیجنے سے معذرت کر لی ہے جو امریکہ جیسی واحد عالمی سُپر پاور کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں ،یہ صورتحال بدلتے عالمی حالات کی طرف اِشارہ ہے۔
ایران پر حملوں میں اسرائیل کی رفاقت سے امریکہ نے بہت کچھ کھو دیا ہے، اُس کے رعب ودبدبے میں کمی آئی ہے۔ حمایتی ممالک کا آزادانہ فیصلے کرنا ثابت کرتا ہے کہ واحد سُپر طاقت کا مقام روبہ زوال ہے۔ نیٹو ممالک بھی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کوخاطر میں نہیں لارہے بلکہ کئی یورپی ممالک روس کے حق میں بولنے لگے ہیں تاکہ روس و یورپ تنازع کاآبرومندانہ حل تلاش کیا جائے ۔ایسا اگر ہوتا ہے تو نیٹو اور امریکہ کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔ منجمد روسی اثاثوں کو استعمال سے روکنے کی بیلجیم تجویزکو یورپ کے بدلتے مزاج کا شاخسانہ تصورکیا جارہا ہے۔ ایسی تبدیلی کے متعلق چند برس قبل سوچنا بھی محال تھا لیکن کیااِس کا امریکہ کو ادراک ہے؟شاید نہیں ۔کیونکہ ادراک ہوتا تو ٹرمپ نیٹوکے حواے سے دھمکیاں نہ دیتے۔ کینیڈا تک ایران پر امریکی حملوں کے خلاف ہے جس سے یہ سوچ کو تقویت حاصل کررہی ہے کہ اسرائیل کا ساتھ دیکر امریکہ نے اپنی ساکھ خراب کی ہے جس کی بحالی اب شاید ہی ممکن ہو ۔ تیل کے نرخ بلند ہونے اور کئی ممالک کا روسی تیل خریدنے کا عندیہ ظاہر کرنا بدلتے منظر نامے کی کڑی ہے ،حالانکہ پوٹن کی پالیسی میں خاص تبدیلی نہیں آئی۔ سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرار داد جس میں خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا کوویٹو کرنے کی بجائے روس نے رائے شماری سے الگ رہنامناسب سمجھا،یہ شاید احتیاط پسندی ہے۔ حالانکہ عیاں حقیقت ہے کہ امریکہ مخالف سخت گیر عناصر کی طرف سے صدر پوٹن پر دبائوہے کہ مقاصد حاصل کرنے کے لیے یوکرین جنگ تیز ہو نیز ٹرمپ جیسے ناقابلِ اعتبار شخص کی کسی بات کو سنجیدہ نہ لیا جائے ،مگر پوٹن کے طرزِعمل میں ٹھہرائو ہے۔ روس جوابی ردِعمل ظاہرکرنے کی بجائے بظاہر تماشائی ہے جس کے متعلق کچھ حلقوں کا قیاس ہے کہ موقع نادر سمجھ کرروس کی توجہ تیل کی فروخت سے اپنی معیشت بہتر بنانے پرہے اوراِس عمل کو کسی لڑائی میں کودنے سے بہتر سمجھتا ہے۔
امریکہ کا متبادل بننے کے خواہشمند چین کا طرزِعمل پر بھی حیران کُن ہے، اب جبکہ امریکہ کو ایران سے لڑائی میں آبنائے ہرمز کی بندش جیسی پریشانی اور خفت کا سامنا ہے اور وہ چینی مدد کا طالب ہے لیکن چینی قیادت کے لیے یہ پہلو غیر اہم لگتا ہے۔ خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کے خلاف سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد پر رائے شماری سے الگ رہ کر اُس نے اپنی یہی پالیسی ظاہر کی، حالانکہ ویٹو کی طاقت سے اپنے وجو د اور کردار کا احساس دلا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیاگیا ۔چین نے گزرے عشرے کے دوران کئی تجارتی اور معاشی فوائد حاصل کیے ہیں۔ افریقی ممالک سے تجارت بغیر محصول کرنے جیسا معاہدہ اِس کی ایک اہم مثال ہے۔ شاید اسی لیے چین سخت ردِعمل نہیں دے رہا کہ کہیں امریکی مخالفت حاصل مواقع سے محروم نہ کردے مگر ٹرمپ اور صدر شی کی ملاقات سے عین قبل چین کا تائیوان کو گھیرنے کو مدِ نظررکھیں تو تجارتی مواقع سے محرومی کے ڈر کی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔
روس اور چین جیسے امریکہ مخالف ممالک ایران پر حملوں کی مذمت تو کرتے ہیں ،وہ حملوں کو یو این او چارٹرکی نفی اور عالمی قوانین کے خلاف بھی قرار دیتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ حملے روک کر بات چیت سے مسائل حل کیے جائیں لیکن اُن کی سفارتی کوششوں میں کوئی خاص دم خم نہیں۔ حالانکہ روس اور چین ہی امریکی راہ روک سکتے ہیں۔ اگر امریکہ اور اسرائیل دونوں ایران پرطویل عرصہ مشترکہ حملے جاری رکھتے ہیں توممکن ہے روس اور چین دونوں ایران کی دفاعی امداد کا سلسلہ شروع کردیںکیونکہ روس کے لیے شام اور چین کے لیے وینزویلا جیسا مزید دھچکا برداشت سے باہر ہوگا ویسے بھی اِن واقعات سے روسی اور چینی اعتبار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ خلیج میں جلد امن دونوں کے مفاد میں ہے۔ لہٰذایہ کب تک غیرجانبداری پرکاربند رہتے ہیں اورظاہری طورپر نہ سہی عملی طورپر مداخلت کرتے ہیں۔ دنیا جاننے کو بے تاب ہے۔
چین اورروس کے لیے ایران اہم ملک ہے۔ 2021 میں چین نے ایران سے ایک پچیس سالہ معاہدہ کیاجس کے تحت چین نے چار سو ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرنی ہے۔ اِس کے عوض ایران نے چین کوخام تیل کی برآمدبڑھاناہے گزشتہ برس چین ایران تجارت کا حجم 34 ارب ڈالر سے زائد رہاجو تیل برآمدات کی وجہ سے ایران کے حق میں رہا ۔اسی طرح ایران کے روس سے بھی کئی معاہدے ہیں۔ یوکرین جنگ میں ایرانی مددعیاں ہے جس کے ڈرونز نے روسی سپاہ کو پیشقدمی میں مدد دی۔ چین،روس اور ایران تینوں حال ہی میں بحری مشقیں بھی کر چکے مگر دفاع ،تجارت ،ٹیکنالوجی اور ہتھیار فراہم کرنے کے روس اور چین سے ایرانی معاہدے تو ہیں لیکن یہ دفاعی نوعیت کے نہیں اسی بناپر روس اور چین کی ایران کوعملی مدد سے گریز سمجھ میں آتی ہے لیکن یادرہے اگر شام اور وینزویلا کی طرح ایران بھی شکست سے دوچار ہوتا ہے تو امریکی ساکھ میں اضافہ ہوگااور یہ روسی اورچینی ساکھ پر کاری ضرب ہو گی۔ لیکن یہ سب کچھ آبنائے ہُرمز پر کنٹرول سے منسلک ہے جس کے نتائج جلد سامنے آسکتے ہیں۔ ٹرمپ کی ایران جنگ سے جھنجلاہٹ ظاہر کرتی ہے کہ اُسے فیس سیونگ مل جائے تو فرار میں تاخیر نہیں کرے گا۔البتہ روس اور چین کا اتحادیوں کی عملی مددسے گریز یاسُستی عالمی سطح پر کوئی اچھا تاثرنہیں بنارہی ۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں