امریکی بمبار طیارے بی 2 بحر ہند میں برطانوی اڈے کی طرف روانہ
شیئر کریں
برطانیہ نے امریکی فوج کو اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی،امریکی میڈیا
توقع ہے کہ امریکی سٹیلتھ بمبار طیاروں کا ایک گروپ جلد ہی برطانیہ کے فوجی اڈوں پر پہنچ جائے گا۔ ایک ایسے وقت میں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ ایک بڑا حملہ قریب ہو سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی بی 2 سٹیلتھ بمبار طیارے بحر ہند میں جزائر چاگوس کے ڈیگو گارسیا فوجی اڈے اور برطانیہ کی کانٹی گلوسٹر شائر میں واقع فیئرفورڈ بیس پر اترنے والے ہیں۔یہ تبدیلیاں تہران کے خلاف امریکی بیانات میں تیزی کے ساتھ ساتھ رونما ہوئی ہیں۔
ٹرمپ نے پیر کو خبردار کیا تھا کہ بڑا حملہ آنے والا ہے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں جنگ شروع ہونے کے بعد ایران کے خلاف حملوں میں شدت لانے کا عزم ظاہر کیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے ابھی انہیں سختی سے مارنا شروع بھی نہیں کیا۔ بڑی لہر ابھی نہیں آئی۔ بڑا حملہ جلد ہونے والا ہے۔ فوکس نیوز کے مطابق بی 2 سٹیلتھ طیارے، جنہوں نے تنازع کے آغاز میں ایرانی بیلسٹک میزائلوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا، دنیا کے مہنگے ترین فوجی طیاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان میں سے ایک طیارے کی لاگت تقریبا دو ارب ڈالر ہے۔


