ادارہ ترقیات، کورنگی بلال کالونی تا مرتضی چوک تک سڑک کی تعمیر نامکمل
شیئر کریں
سالانہ ترقیاتی فنڈ کی اسکیم ساڑھے تین سال گزرنے کے باوجود پایۂ تکمیل تک نہ پہنچ سکی
سڑک کا دوسرا ٹریک بنایا نہ سیوریج سسٹم بحال کیا ،سرکاری دستاویزات میں اسکیم مکمل ظاہر
کورنگی بلال کالونی تا مرتضی چوک تک سڑک کی تعمیر اور سیوریج سسٹم کی بحالی کا کام ساڑھے تین سال گزرنے کے باوجود پایۂ تکمیل تک نہ پہنچ سکا ،علاقہ مکین بدترین اذیت کے شکار ہیں۔ واضح رہے کہ کے ڈی اے نے 2022/23میں کروڑوں روپے مالیت سے یونین کونسل 32کورنگی میں بلال کالونی سے مرتضی چوک تک ڈبل ٹریک سڑک کی تعمیر سیوریج سسٹم کی بحالی کلوٹ کے کام کا آغاز کیا تھا ۔سالانہ ترقیاتی فنڈ کی یہ اسکیم تاحال نامکمل ہے سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ اسکیم مکمل کی جاچکی ہے جبکہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کا کام تو شروع کیا گیا تھا اور ایک ٹریک پیوور لگا کر مکمل بھی کیا گیا جس کے بعد سے کام رکا ہوا ہے، نہ تو سڑک کا دوسرا ٹریک بنایا گیا نہ ہی سیوریج سسٹم کی بحالی کی گئی۔ اس سلسلے میں اسکیم پر تعینات انجینئر جاوید انصاری سے کوشش کے باوجود رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔


