عمران اور بشریٰ کی سزاؤں کیخلاف سندھ بھر میں احتجاج
شیئر کریں
کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ میں مظاہرے
بانی کی ہدایت پر اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز،پوری قوم سڑکوں پر نکلے گی،حلیم عادل شیخ
پاکستان تحریک انصاف کے سرپرستِ اعلی عمران خان، ان کی اہلیہ بشری بی بی، اور اس سے قبل ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر چیمہ کو دی جانے والی طویل اور ظالمانہ سزاؤں کے خلاف پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی کال پر سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ عمران خان کی ہدایت پر اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز ہو چکا ہے اور پوری قوم سڑکوں پر نکلے گی۔کراچی کے مختلف علاقوں سمیت حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ ڈویژن کے شہروں پنو عاقل، قمبر شہدادکوٹ، میرپور ماتھیلو، کندھ کوٹ، عمرکوٹ، ٹنڈو جان محمد، کشمور، نوشہرو فیروز، روہڑی، سکھر، سکرنڈ، نوابشاہ، جیکب آباد، سجاول، کنری اور دولتپور سمیت دیگر شہروں میں احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔احتجاجی مظاہروں میں پی ٹی آئی رہنماں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عمران خان، بشری بی بی سمیت دیگر قائدین کو دی گئی سزاں کو مسترد کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔کراچی میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر، جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، فہیم خان اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ دوسری جانب انصاف یوتھ ونگ کراچی کی جانب سے عمران خان ورکر کنونشن کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے مرکزی عہدیداران اور پی ٹی آئی کراچی کے رہنماں نے شرکت کی۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشری بی بی کو دی جانے والی سزائیں افسوسناک اور شرمناک ہیں۔ عمران خان قوم کے عظیم رہنما ہیں اور ان پر بنائے گئے تمام مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال اور نمل یونیورسٹی جیسے عظیم ادارے قائم کیے، مگر آج ایک مقبول قومی رہنما کو جھوٹے مقدمات کے ذریعے جھکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، اب یہ تماشہ بند ہونا چاہیے۔ جھوٹے مقدمات میں سزائیں دینے کی پوری قوم شدید مذمت کرتی ہے، انہوں نے کہا تمام کیسز جھوٹے ہیں عمران خان پر آج تک کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی ہے۔پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر نے کہا کہ توشہ خانہ کیس ٹو میں عمران خان اور بشری بی بی کو سنائی گئی سزا سراسر انتقامی کارروائی ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے برعکس اور سیاسی بنیادوں پر کیا گیا ہے تاکہ تحریک انصاف کی قیادت کو دیوار سے لگایا جا سکے۔ ایک گھریلو خاتون کو سیاسی مقدمات میں گھسیٹنا اور سزا سنانا ملکی روایات اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ قوم دیکھ رہی ہے کہ کس طرح ملک کے مقبول ترین لیڈر کو جھوٹے مقدمات کے ذریعے عوام سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم اس فیصلے کو اعلی عدالتوں میں چیلنج کریں گے اور ہمیں یقین ہے کہ عمران خان اور بشری بی بی سرخرو ہوں گے۔ ظلم کے یہ ہتھکنڈے زیادہ دیر نہیں چل سکتے اور ہم پرامن اور قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے نائب صدر فہیم خان نے کہا کہ ظلم اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔ قوم عمران خان کو جیل سے باہر دیکھنا چاہتی ہے۔ پہلے عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا اور اب عوام دشمن فیصلوں کے ذریعے نفرتوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ پوری قوم جھوٹے مقدمات میں دی جانے والی سزاں کو مسترد کرتی ہے۔


