شیر کا شکار بلے سے نہیں تیر سے ہوتا ہے، بلاول بھٹو
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ شکار کا موسم ہے اور ہم نے شیر کا شکار کرنا ہے تاہم شیر کا شکار بلے سے نہیں تیر سے ہوتا ہے،پیپلز پارٹی کی حکومت کا مطلب ملک میں عام آدمی کی حکومت ہے،ایک جماعت جیل سے بچنے کیلئے اور ایک اپنے لیڈر کو جیل سے نکالنے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک بار پھر انقلابی منشور کی ضرورت ہے، باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، پیپلزپارٹی آپ کی نمائندگی کرتی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت بنی تو 10 نکاتی ایجنڈے پر خود عمل کروں گا، میں آپ کی تنخواہ میں اضافہ کروں گا، بلکہ ڈبل کرکے دکھاں گا، میں پاکستان کے غریب عوام کو 300 یونٹ تک مفت بجلی دوں گا، ملک بھر میں مفت تعلیمی ادارے کھڑے کریں گے، میں نے سکھر میں این آئی سی وی ڈی مفت دل کے علاج کا ہسپتال بنایا ہے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ بہاولپور میں بھی این آئی سی وی ڈی مفت دل کے علاج کا ہسپتال کھڑا کروں گا، میں صحت کی سہولیات جنوبی پنجاب سے شروع کروں گا، میں جنوبی پنجاب کے ہر اضلاع کو مفت ہسپتال بنا کر دوں گا، بانی پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتا، میں سندھ میں 20 لاکھ گھر بنا کر مالکانہ حقوق خواتین کو دے رہا ہوں۔8 فروری کو پیپلزپارٹی کو جتوائیں، وعدہ ہے ہم تمام کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے، مالکانہ حقوق دلوائیں گے، ہم غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کریں گے، ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے، ہم غریب ترین خواتین کو بلاسود قرضہ دیں گے، پچھلی بار حکومت میں آئے تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لیکر آئے۔