خصوصی کمیٹی کی پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ عدالت کو نہ دینے کی سفارش
شیئر کریں
قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ سپریم کورٹ کو نہ دینے کی سفارش کردی۔سپریم کورٹ کو ریکارڈ فراہمی سے متعلق قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین اسلم بھوتانی کی زیر صدارت ہوا۔ وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور وزارت قانون کے حکام کی شرکت کے ساتھ ہونے والے اجلاس کا آغاز ہوتے ہی خصوصی کمیٹی کو ان کیمرا کردیا گیا۔خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ سپریم کورٹ کو نہ دینے کی سفارش کردی گئی۔ اس حوالے سے چیئرمین اسلم بھوتانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے ریکارڈ سے متعلق فیصلہ اسپیکر کو بھجوا رہے ہیں۔قومی اسمبلی ریکارڈ سے متعلق ایوان میں جو رائے بنی تھی، ہم بھی اسی رائے کا احترام کرتے ہیں۔خصوصی کمیٹی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب، میاں عزیر اور ابوذر چدھڑ کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔ چیئرمین کمیٹی اسلم بھوتانی نے کہا کہ تینوں افراد 31 مئی کو کمیٹی میں مؤقف پیش کرسکتے ہیں۔