خوشحالی کا دور شروع ہو چکا ، بجٹ تاریخی قرار،شہباز شریف
شیئر کریں
حکومت معاشی استحکام کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچائے گی ، وزیراعظم
حکومت اب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے قابل ہوئی ہے، بیان جاری
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی بجٹ 2026-27 کو عوامی ریلیف، معاشی ترقی اور خوشحالی کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معاشی استحکام کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچانے کے اپنے وعدے پر عملدرآمد کا آغاز کر چکی ہے۔وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم، عوام کی دعاؤں اور قومی یکجہتی کی بدولت پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کیا ہے، جس کے نتیجے میں حکومت اب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے قابل ہوئی ہے۔شہباز شریف نے مشکل معاشی حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بے مثال قربانیاں دیں اور حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ معاشی استحکام حاصل ہونے کے بعد اس کے فوائد براہِ راست عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے اور اب اس وعدے کی تکمیل کا وقت آ گیا ہے۔وزیراعظم کے مطابق موجودہ وفاقی بجٹ صرف اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود، معاشی بہتری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا جامع منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ تنخواہ دار طبقے پر مالی بوجھ کم کرنے، برآمدات بڑھانے، زرعی شعبے کو مضبوط بنانے، صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیح ایک ایسی مضبوط معیشت کی تشکیل ہے جس کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچیں اور عام شہری کی زندگی میں حقیقی بہتری آئے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں کی جانب لے جائے گی تاکہ عوام کو بہتر روزگار، زیادہ آمدنی اور بہتر معیارِ زندگی میسر آ سکے۔


