سندھ بلڈنگ ،ماڈل کالونی میں ذوالفقار بلیدی کے چرچے عام
شیئر کریں
شیٹ نمبر 27کے پلاٹ نمبر 12پر خلافِ ضابطہ اضافی منزل کی چھوٹ
ایک منزلہ پر دوسری منزل کی تعمیر،مقامی رہائشیوں میں شدید تشویش
ضلع کورنگی ماڈل کالونی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذوالفقار بلیدی کے چرچے زبان زد عام ہیں،موصوف نے بغیر نقشے اور منظوری کے خلاف ضابطہ تعمیرات کی چھوٹ دے رکھی ہے ،جرأت سروے ٹیم کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق شیٹ نمبر 27میں واقع پلاٹ نمبر 12پر جاری غیر قانونی تعمیراتی کاموں نے مقامی رہائشیوں کو بری طرح پریشان کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اس پلاٹ پر محکمہ ٹاؤن پلاننگ کی جانب سے صرف ایک منزلہ کمرشل پورشن کی تعمیر کی اجازت دی گئی تھی،لیکن مالک پلاٹ نے ضوابط کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے دوسری منزل تعمیر مکمل کر دی ہے ۔ ایک مقامی رہائشی کا کہنا ہے کہ ’’یہ تعمیر نہ صرف بلدیاتی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ، بلکہ اس سے ساختی سالمیت کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے ‘‘۔اس غیر مجاز تعمیر کے باعث علاقے میں پہلے سے موجود ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس تعمیر سے نہ صرف گلیوں میں رش بڑھے گا بلکہ موجودہ نکاسی آب کے نظام پر بھی دباؤ پڑے گا۔ ایک بزرگ رہائشی نے بتایا کہ ’’تعمیراتی کاموں کے دوران اڑنے والی دھول اور شور نے رہائشی علاقے کے پر سکون ماحول کو بری طرح متاثر کیا ہے ‘‘۔ مقامی افراد نے وزیر بلدیات سے فوری طور پر اس خلاف ورزی کی طرف توجہ دینے اور غیر قانونی تعمیر کو روکنے کی اپیل کی ہے ۔


