گھارو پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بند، کراچی کو 30 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا
شیئر کریں
کے الیکٹرک کا گھارو گرڈ ٹرانسمیشن پر 11 گھنٹے کا طے شدہ تکنیکی شٹ ڈاؤن،
بن قاسم، شاہ فیصل، پی این ایس مہران، پی اے ایف بیس فیصل اور کارساز میں پانی کی فراہمی جزوی متاثر ہوگی، ترجمان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کے الیکٹرک کی جانب سے گھارو گرڈ ٹرانسمیشن پر طے شدہ تکنیکی شٹ ڈاؤن کے باعث گھارو پمپنگ اسٹیشن کی بجلی معطل کردی گئی، جس سے کراچی میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق گھارو گرڈ ٹرانسمیشن پر کے الیکٹرک کا تکنیکی کام جاری ہے، جس کے باعث گھارو پمپنگ اسٹیشن کی بجلی تقریباً 11 گھنٹے بند رہے گی اور شام 7 بجے تک بحال ہونے کی توقع ہے۔
ترجمان کے مطابق پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بند ہونے سے شہر کو تقریباً 30 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔ واٹر کارپوریشن شہر کو روزانہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کرتا ہے، تاہم بجلی کی بندش کے باوجود تقریباً 620 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی عارضی بندش کے باعث بن قاسم، شاہ فیصل، پی این ایس مہران، پی اے ایف بیس فیصل اور کارساز کے علاقوں میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہوگی۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی بحال ہوتے ہی گھارو پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی بھی معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔


