میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آزاد کشمیر انتخابات، ایم کیو ایم کا نواز لیگ کی حمایت کا اعلان

آزاد کشمیر انتخابات، ایم کیو ایم کا نواز لیگ کی حمایت کا اعلان

جرات ڈیسک
هفته, ۲۵ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

ایم کیو ایم کا تمام نشستوں پر کھڑے امیدواروں کو دستبردار کرنے کا بھی اعلان

گورنر کی تقرری سمیت تین مطالبات دہرا دیے، ن لیگ وفد کا بہادرآبادمرکز کا دورہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لیے مسلم لیگ ن کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا۔

وفد کی قیادت مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کر رہے تھے۔ وفد میں وفاقی وزیر کھیل داس کوہستانی اور امیدوار نعیم الحق بھی شامل تھے۔

ن لیگی وفد نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق، شبیر قائم خانی سمیت دیگر قیادت سے ملاقات کی۔

ملاقات میں آزاد کشمیر انتخابات، سندھ کی سیاسی صورتحال، ایم کیو ایم اور ن لیگ کے تعلقات اور ورکنگ ریلیشن شپ پر بات چیت ہوئی۔

مسلم لیگ ن کے وفد نے ایم کیو ایم قیادت سے ایک بار پھر آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت کی درخواست کی۔

اس سے قبل ن لیگی وفد احسن اقبال کی قیادت میں اسلام آباد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ملاقات کر چکا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا وفد بہادرآباد تشریف لایا ہے، ہم ان کی آمد پر مشکور ہیں۔

آزاد کشمیر میں انتخابات کی گہما گہمی ہے اور ایم کیو ایم نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کے انتخابات سے قبل ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے۔

ہم مسلم لیگ ن کے اتحادی ہیں اور آپس میں ہمارا اشتراک عمل ہے۔ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے ساتھ اپنی طاقت کو جوڑ دیں تو مشترکہ امیدوار کا جیتنا ممکن ہو سکے گا۔

فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے آئینی ترمیم کا مطالبہ دوبارہ ان کے سامنے رکھا ہے جس پر مسلم لیگ ن نے اس بل کو اسمبلی میں لانے پر اتفاق کیا ہے۔

پی ڈی ایم ون اور ٹو میں گورنر شپ ہماری تھی۔ ہمارا مینڈیٹ ہے، ہمارا گورنر ہونا چاہیے۔ ہماری گورنر شپ ہمیں واپس ملنی چاہیے، یہ مطالبہ ہم نے دہرایا ہے۔

امید ہے کہ بشیر میمن ہمارے ان دونوں مطالبات کو سامنے رکھیں گے۔مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نے کہا کہ گورنر ہمارا ہو یا ان کا فرق کیا پڑتا ہے۔ مشکل وقت میں ہم ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ میرا ایم کیو ایم سے یہ گلا رہتا ہے کہ وہ صرف کراچی کی بات کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آزاد کشمیر انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ شہباز شریف صاحب کو جب بھی کراچی بلایا گیا ہے وہ آتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کا ایک بڑا کردار تیسری عالمی جنگ کو رکوانے میں ہے۔ ہم ہر ایک سے ملنے کو تیار ہیں۔ موجودہ گورنر ہم سب کا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں