سندھ پبلک سروس کمیشن کے بھرتی قواعد میں اہم ترامیم، کامیابی کے لیے 33 فیصد نمبر لازمی قرار
شیئر کریں
امتحانات میں منفی مارکنگ متعارف، عمر کی حد 33 سال اور شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 5 کردیے گئے، نوٹیفکیشن جاری
سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) کے بھرتی قواعد میں اہم ترامیم کردی گئی ہیں، جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نئے قواعد کے تحت امتحانات میں کامیابی کے لیے کم از کم نمبر 40 فیصد سے کم کرکے 33 فیصد کردیے گئے ہیں، جبکہ غلط جواب دینے پر امیدواروں کے 0.25 نمبر منہا کیے جائیں گے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے قواعد کے تحت سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں کامیابی کے لیے مقررہ حد میں کمی کی گئی ہے۔
اب 200 نمبروں کے امتحان میں کامیابی کے لیے 80 کے بجائے 66 نمبر حاصل کرنا ہوں گے۔ترمیم کے تحت امیدواروں کو امتحانات میں شرکت کے مواقع بھی بڑھا دیے گئے ہیں۔
پہلے امیدوار تین مرتبہ امتحان دے سکتے تھے، تاہم اب یہ تعداد بڑھا کر پانچ کردی گئی ہے۔ یہ پانچ مواقع تین سال کے دوران استعمال کیے جاسکیں گے۔
نئے قواعد کے مطابق امیدواروں کی عمر کی حد سے متعلق شق میں 30 سال کی جگہ 33 سال مقرر کیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ ترامیم تین سال تک موثر رہیں گی۔
سندھ پبلک سروس کمیشن کے متعلقہ ضابطے میں امتحانی فیس بھی کم کردی گئی ہے۔ پہلے 300 روپے فیس مقرر تھی، جسے کم کرکے 250 روپے کردیا گیا ہے۔
ترمیم شدہ قواعد میں سندھ پبلک سروس کمیشن کی ای سروسز، موبائل ایپلی کیشن اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد کمیشن کے طریقہ کار میں ڈیجیٹل سہولتوں کو قواعد کے دائرے میں لانا ہے۔


