کراچی میں پانی کا بحران سنگین، فیڈرل بی ایریا اور مواچھ گوٹھ کے مکین پریشان
شیئر کریں
پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مواچھ گوٹھ میں احتجاج
حب ریور روڈ اور ناردرن بائی پاس ٹریفک کے لیے بند
فیڈرل بی ایریا میں بھی سپلائی متاثر ہونے کی شکایات
شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث مکین مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ مواچھ گوٹھ میں پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے اہم شاہراہیں بند کردیں۔
فیڈرل بی ایریا کے مکینوں نے کہا کہ علاقے میں پانی کی فراہمی طویل عرصے سے متاثر ہے۔ ان کے مطابق واٹر کارپوریشن کا متعلقہ عملہ والو آپریٹنگ نظام درست طریقے سے نہیں چلا رہا، جس کے باعث گھروں تک پانی مقررہ اوقات میں اور مناسب دباؤ کے ساتھ نہیں پہنچ رہا۔
مکینوں نے کہا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرانے کے باوجود پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔دوسری جانب بلدیہ کے علاقے مواچھ گوٹھ میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی مسلسل عدم فراہمی کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
مظاہرین نے احتجاجاً حب ریور روڈ اور ناردرن بائی پاس کو کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کردیا، جس سے دونوں شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، متعلقہ عملے کی مبینہ غفلت کا نوٹس لیا جائے اور بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا مسئلہ حل کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جاسکتا ہے۔


