میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
غیر معیاری موبائل سروس پر پی ٹی اے کا سخت ایکشن

غیر معیاری موبائل سروس پر پی ٹی اے کا سخت ایکشن

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

موبائل آپریٹرز کو خامیاں دور کرنے کے لیے 30 روز کی مہلت، چار برس میں 3 ارب 41 کروڑ روپے جرمانے، مزید سخت کارروائی کا انتباہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں موبائل فون کمپنیوں کی غیر معیاری سروس اور ناقص کوریج کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام موبائل آپریٹرز کو سروس کے معیار میں بہتری اور تکنیکی خامیاں دور کرنے کے لیے 30 روز کی مہلت دے دی ہے، جبکہ مقررہ مدت میں صورتحال بہتر نہ ہونے پر مزید سخت ریگولیٹری کارروائی کا انتباہ بھی جاری کیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق موبائل آپریٹرز کو 30 دن کے اندر سروس میں موجود خامیوں کی نشاندہی، ان کی وجوہات کا تعین اور اصلاحی منصوبہ (کریکٹو ایکشن پلان) اتھارٹی کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ صارفین کو بہتر اور معیاری ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ اگر آپریٹرز مقررہ مدت میں مطلوبہ اصلاحات کرنے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دستاویزات کے مطابق گزشتہ چار برس کے دوران موبائل کمپنیوں کو کوالٹی آف سروس اور کوریج سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 3 ارب 41 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی عرصے میں مختلف موبائل آپریٹرز کو 20 وارننگ لیٹرز اور 86 شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔پی ٹی اے نے کہا کہ ملک بھر میں موبائل نیٹ ورک کے معیار، کوریج اور صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ عوام کو معیاری ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ریگولیٹری اقدامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں