منشیات برآمدگی کیس: انمول عرف پنکی کے بھائی کی گرفتاری کے لیے اشتہار شائع کرنے کا حکم
شیئر کریں
اینٹی نارکوٹکس عدالت نے ملزمہ نسیم بی بی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے
ضمنی چالان جمع کرانے کے لیے تفتیشی افسر کو ایک ہفتے کی مہلت
اینٹی نارکوٹکس عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے بھائی ناصر کی گرفتاری کے لیے اشتہار شائع کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ مقدمے میں شریک ملزمہ نسیم بی بی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔
عدالت کے روبرو انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران جیل حکام نے ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے بھائی ناصر کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، تاہم اسے گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
تفتیشی افسر کے بیان کے بعد عدالت نے ملزم ناصر کی گرفتاری کے لیے اشتہار شائع کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے مقدمے میں شریک ملزمہ نسیم بی بی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔
دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے مقدمے کا ضمنی چالان جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے ضمنی چالان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے کیس کی آئندہ کارروائی کے حوالے سے قرار دیا کہ اگلی سماعت پر ملزمہ کے اثاثے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ضبط کرنے سے متعلق درخواست پر دلائل سنے جائیں گے۔ یہ درخواست اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔


