آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ، 8 نشستوں پر ن لیگ کامیاب، پیپلز پارٹی کی ایک سیٹ
شیئر کریں
متعدد مقامت پر پی پی اور ن لیگ میں تصادم،ایک کارکن جاں بحق
کھاوڑہ میں فائرنگ سے ایم این صلاح الدین جونیجو سمیت تین زخمی
…………………………………..
آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ن لیگ آٹھ نشستوں پر کامیاب ہوگئی
پی پی کو ایک سیٹ ملی، ایل اے 31 میں تصادم سے پی پی کا کارکن جاں بحق ہوگیا،
حلقہ کھاوڑہ میں ایم این اے صلاح الدین گولی لگنے سے تین کارکنوں سمیت زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد جموں کشمیر میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا تھا جسے پانچ بجے ختم ہونا تھا تاہم آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا،
مظفرآباد ڈویژن کے ووٹرز نے شام 6 بجے تک حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹرز کی زیادہ تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ کی توسیع کی گئی تھی۔
آزاد کشمیر انتخابات دوسرے مرحلے میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار اور 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز ہیں، جب کہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار مدمقابل ہیں۔
مظفرآباد کے اضلاع میں 1483 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جہاں انتہائی حساس مقامات پر سکیورٹی کی بھاری نفری تعینات رہی۔
نتائج کی آمد جاری
ایل اے 26 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالوحید پہلے نمبر پر رہے جب کہ ن لیگ کے امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 29 سے پی پی امیدوار سردار مختار احمد پہلے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 30 سے ن لیگ کے مصطفیٰ بشیر عباسی کامیاب ہوگئے جبکہ پی پی کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 34 سے ن لیگ کے امیدوار ناصر حسین ڈار کو برتری حاصل ہے۔
ایل اے 35 سے ن لیگ کے امیدوار چوہدری محمد اسماعیل کو سبقت حاصل ہے۔
ایل اے 36 سے ن لیگ کے محمد احسن رضا کو برتری حاصل ہے جب کہ پی پی امیدوار احسن اساعیل دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 37 سے ن لیگ کی امیدوار مریم جاوید پہلے اور آزاد امیدوار عثمان علیم دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 38 سے ن لیگ کے امیدوار ذیشان علی 13427 ووٹ کے ساتھ جیت گئے جب کہ پی ایم ایل کیو کے امیدوار اکبر چوہدری 9904 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 39 سے ن لیگ کے راجہ محمد صدیق کامیاب ہوگئے، پی پی کے چوہدری محمد زمان دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 40 سے پی پی کے عامر عبدالغفار پہلے نمبر پر رہے جب کہ آئی پی پی کے محمد سلیم دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 41 میں مسلم لیگ نون نے میدان مار لیا۔ ریٹرننگ آفیسر حماد بادل نے فارم 27 جاری کر دیا جس کے مطابق ایل اے 41 میں 4008 ووٹ ڈالے گئے اور 74 ووٹ مسترد ہوئے،
مسلم لیگ نون کے امیدوار محمد عامر شاہ 1804 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، ازاد امیدوار صبا دیوان 1523 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، استحکام پاکستان پارٹی کے سعید ڈار نے 372 ووٹ حاصل کیے اور پیپلز پارٹی کے غلام عباس میر نے 259 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 42 کشمیر ویلی 3 میں ن لیگ کے امیدوار سید شوکت شاہ ن لیگ 1524 ووٹ کے ساتھ جیت گئے جب کہ پی پی کے امیدوار عاصم شریف 487 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 43 سے ن لیگ کے محمد یاسین لون کامیاب ہوگئے جب کہ پی پی کے جاوید بٹ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 44 ویلی 5 راولپنڈی سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار احمد رضا قادری 2308 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، مسلم کانفرنس کی امیدوار مہر النساء 740 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں،
حلقے میں ووٹوں کا ٹرن اوور 58 فیصد رہا مجموعی طور پر 4016 ووٹ کاسٹ ہوئے جب کہ 48 مسترد ہوگئے۔
ایل اے 45 سے پیپلز پارٹی کے ماجد خان جیت گئے جبکہ اے جے کے ایم سی کے خواجہ محمد دلاور دوسرے نمبر پر رہے۔
مہاجرین کی راولپنڈی میں تین نشستیں، دو پر (ن) لیگ کامیاب، کارکنوں کا جشن
مسلم لیگ ن نے مہاجرین جموں کشمیر راولپنڈی ڈویژن کی 2 نشستوں ایل اے 43 وادی 4 اور ایل اے 44 وادی 5 پر میدان مار لیا مسلم لیگی کارکنوں نے جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور بھنگڑے ڈالے۔
راولپنڈی ڈویژن میں مہاجرین جموں کشمیر کی نشست ایل اے 43 ویلی 4 کے تمام 10 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے یاسین لون 1276 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ 563 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اسی طرح ایل اے 44 ویلی 5 کے تمام 27 پولنگ اسٹیشنز کا مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ بھی سامنے آگیا۔ مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار احمد رضا قادری 1700 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم کانفرنس کی مہر النساء 650 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار راشد اسلام تیسرے نمبر پر رہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار بری طرح شکست کھا گئے۔
کامیابی کا اعلان ہوتے ہی مسلم لیگی کارکنوں نے ایم این اے طاہرہ اورنگ زیب کی رہائش گاہ کے باہر جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں، کارکنان خوشی سے بھنگڑے ڈالتے رہے۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کے راولپنڈی ڈویژن اسلام آباد کی نشست ایل اے 39 جموں 6 میں بھی مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ محمد صدیق جیت گئے ہیں، ایم این اے طاہرہ اورنگ زیب نے دونوں کامیاب سیٹوں کے فارم 45 بھی میڈیا کے سامنے رکھ دیے۔
پنڈی کے ایک پولنگ اسٹیشن پر صرف تین ووٹ کاسٹ
آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی مہاجرین کی تین نشستوں پر عام انتخابات کے لیے 100 پولنگ اسٹیشنوں میں سے دلچسپ پولنگ اسٹیشن جموں 6 کا ایف جی ٹیکنکل پبلک اسکول نمبر 2 طارق آباد راولپنڈی میں قائم تھا
جہاں مجموعی رجسڑڈ ووٹرز کی تعداد23 تھی جن میں سے صبع آٹھ بجے سے لیکر شام پانچ بجے پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہونے تک صرف تین ووٹ پول ہوئے اور تینوں ووٹ ایک ہی خاندان کے میاں بیوی اور بیٹے نے پول کیے
مزکورہ پولنگ اسٹیشن پر گنتی کا عمل بھی سب سے پہلے محض چند منٹ میں مکمل ہوا اور پولنگ اسٹیشن سے تینوں ووٹ مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ صدیق کے نام نکلے۔
پولنگ پراسس مکمل ہونے اور نتیجہ مکمل کرکے الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کی خاطر گاڑی کے لیے پولنگ اسٹاف کو بھی انتظار کرنا پڑا۔
بعدازاں تقریبا ایک گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے گاڑی پہنچنے پر تھانہ سول لائن پولیس کی سیکورٹی میں عملہ الیکشن کمیشن کے دفتر روانہ ہوا جہاں انھون نے نتایج اور پولنگ میٹریل جمع کروایا۔
مہاجرین کی کراچی میں دو نشستیں
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مہاجرینِ جموں و کشمیر کی مخصوص دو نشستوں ایل اے-34 جموں ون اور ایل اے-40 کشمیر ویلی ون کے لیے اتوار کو کراچی کے ساتوں اضلاع میں پولنگ پرامن ماحول میں مکمل ہوئی۔
ووٹرز نے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
کراچی کے ساتوں اضلاع میں مجموعی طور پر 34 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے جہاں صبح کے اوقات میں ووٹرز کی آمد نسبتاً کم رہی تاہم دوپہر کے بعد خواتین سمیت ووٹرز کی بڑی تعداد نے پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کیا۔
انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
پولنگ اسٹیشنوں کے باہر مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابی کیمپ بھی قائم کیے تھے۔
ایل اے-34 جموں ون میں 17 امیدوار مدمقابل تھے جن میں مسلم لیگ (ن) کے ناصر حسین ڈار، پیپلز پارٹی کے چوہدری عبدالقدیر چوہان، استحکام پاکستان پارٹی کے بلال مختار بٹ، جماعت اسلامی کے راجہ محمد سہیل، آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے محمد سعود مختار سمیت 12 آزاد امیدوار شامل تھے۔
اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 19 ہزار 8 تھی، جن میں 10 ہزار 315 مرد اور 8 ہزار 693 خواتین شامل تھیں۔
حلقے کے لیے 131 پولنگ اسٹیشن اور 225 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے۔ یہ حلقہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے 51 اضلاع پر مشتمل ہے، جن میں کراچی کے سات اضلاع کے 698 ووٹرز بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب ایل اے-40 کشمیر ویلی ون میں 11 امیدوار میدان میں تھے،
جن میں مسلم لیگ (ن) کے محمد نعیم خان، پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار، استحکام پاکستان پارٹی کے محمد سلیم بٹ، جماعت اسلامی کے سہراب بٹ، ایم کیو ایم کی صائمہ فرید، جموں کشمیر لبریشن لیگ کے محمد اسلم ملک، جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے محمد بشیر خان اور چار آزاد امیدوار شامل تھے۔
اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 ہزار 897 تھی، جن میں 2 ہزار 401 مرد اور 2 ہزار 496 خواتین شامل تھیں۔ ووٹنگ کے لیے 47 پولنگ اسٹیشن اور 85 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے، جن میں کراچی ڈویژن کے سات اضلاع میں قائم 20 پولنگ اسٹیشن بھی شامل تھے۔
اس حلقے میں کراچی کے ووٹرز کی تعداد 4 ہزار 200 تھی جبکہ سندھ اور بلوچستان کے دیگر اضلاع کے کشمیری مہاجرین نے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
ایل اے 27 پر الیکشن ملتوی، چار اگست کو ہوگا
مظفر آباد کی نو نشستوں پر الیکشن ہونے تھے تاہم 8 پر ہوسکے، خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایل اے 27 مظفرآباد 2 لچھراٹ کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ملتوی کردی گئی۔
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کےمطابق یہاں الیکشن اب 4 اگست کو ہوگا۔
آزاد کشمیر کے کچھ حلقوں میں پولنگ کاعمل تاخیر سے شروع ہوا جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن پر دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے الیکشن سیل پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے چیف الیکشن کمشنر کو خطوط بھی لکھے ہیں۔
آزاد کشمیر حلقہ ایل اے 31 میں تصادم سے پیپلز پارٹی کا ایک کارکن مشتاق شاہ جاں بحق ہوگیا جبکہ حلقہ کھاوڑہ میں فائرنگ سے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین جونیجو بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے،
فائرنگ سے دو کارکن بھی زخمی ہوئے، تینوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پیپلزپارٹی کے مطابق رکن قومی اسمبلی صلاح الدین جونیجو کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، صلاح الدین جونیجو این اے 210 سانگھڑ ٹو سے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔
حلقہ ایل اے 29 تھری مظفر آباد میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
راولپنڈی ویلی 4 ایل اے 43 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بٹ مسلح گارڈ کے ساتھ ملت کالونی پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوگئے،
جاوید بٹ کے مسلح گارڈ کو کسی بھی پولیس اہلکار نے نہیں روکا۔
حلقہ ایل اے 28، 29 اور 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر، استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تنویر الیاس، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، اور سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کے درمیان کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں،
راولپنڈی ڈویژن میں مہاجرین کی 3 نشستوں (27,907 ووٹرز) پر 35 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ کراچی میں آزاد کشمیر اور جموں کی دو نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوئی۔
سیکورٹی کے لیے 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات جبکہ 175 میں سے 31 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں حلقہ ایل اے-45 کشمیر ویلی-VI کے لیے 21 اضلاع میں 41 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جہاں 7,655 ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔
تمام حلقوں میں پولنگ ختم ہونے کے دو گھنٹے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔


