میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۳ جولائی ۲۰۲۳

شیئر کریں

پاکستان اے نے طیب طاہر اور باو لرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ایرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا،پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 352رنز بنائے ،پوری بھارتی اے ٹیم 224رنز پر ڈھیر ہو گئی،پاکستانی ٹیم میچ میں 128رنز سے فتح حاصل کرنے کامیاب رہی ، طیب طاہر نے 71گیندوں پر بارہ چوکوں اور چا ر چھکوں کی مدد سے 108بنائے ،طیب طاہر مین آف دی میچ قرار پائے۔کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارت اے ٹیم کے کپتان یش دھول نے ٹاس جیت کر پہلے بائو لنگ کا فیصلہ کیا اور ان کا یہ فیصلہ بالکل غلط ثابت ہوا۔پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے ابتدائی اوورز میں دائرے کے اندر فیلڈ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 17اوورز میں 121رنز کی ساجھے داری بنا دی۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب صائم 51گیندوں پر 7چوکوں اور دو چھکوں سے مزین 59رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔صاحبزادہ فرحان نے 62گیندوں پر چار چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 65رنز کی باری کھیلی تاہم قومی ٹیم کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب 183کے مجموعے پر عمیر بن یوسف کے آئو ٹ ہونے کے بعد قاسم اکرم اور کپتان محمد حارث بھی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے اور پاکستان اے ٹیم 187رنز پر 5وکٹوں سے محروم ہو گئی۔اس مرحلے پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید جلد ہی قومی ٹیم کی بساط لپٹ جائے گی تاہم طیب طاہر بھارتی باو لرز کی راہ میں حائل ہوگئے اور آتے ہی وکٹ پر جارحانہ انداز سے جوابی وار شروع کردئیے۔انہوں نے نوجوان مبصر خان کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 126رنز کی شاندار ساجھے داری بنانے کے ساتھ ساتھ عمدہ سنچری بھی اسکور کی، وہ 71گیندوں پر 12چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے 108رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔اختتامی اوورز میں محمد وسیم جونیئر نے کچھ جارحانہ ہاتھ دکھائے جس کی بدولت پاکستان اے ٹیم مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز کا مجموعی اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔بھارت اے کی جانب سے ریان پراگ اور راج وردھن ہنگارگیکر دو، دو وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین باو لر رہے۔ہدف کے تعاقب میں بھارتیہ اوپنرز نے بھی پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 64رنز جوڑے لیکن سائی سدھرشن 29رنز بنانے کے بعد ارشد اقبال کو وکٹ دے بیٹھے۔ابھیشک شرما اور نیکن جوس نے اسکور کو 11تک پہنچایا ہی تھا کہ نیکن کی 11رنز کی اننگز محمد وسیم جونیئر کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔اس مرحلے پر ابھیشک کا ساتھ دینے کپتان یش دھول آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 52رنز جوڑے تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت پاکستان کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتی، سفیان مقیم نے 61رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے ابھیشک کو چلتا کردیا۔اسکور 157تک پہنچا ہی تھا کہ نیشانت سندھو بھی 10رنز بنا کر چلتے بنے لیکن بھارتی اے ٹیم کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب کپتان یش دھول بھی صرف 39رنز بنانے کے بعد سفیان کو وکٹ دے بیٹھے۔اس کے بعد مہران ممتاز نے دو کاری وار کرتے ہوئے وکٹ کیپر دھروو جوویل اور ریان پراگ کا کام تمام کردیا جبکہ سفیان مقیم نے ہرشت رانا کو چلتا کر کے پاکستان کو آٹھویں کامیابی دلائی۔راج وردھن کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور ارشد اقبال نے 11 رنز بنانے والے بلے باز کو بولڈ کر کے پاکستان کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔پاکستانی کو بھارتی ٹیم کی بساط لپیٹنے میں اس کے بعد زیادہ دیر نہ لگی اور پوری بھارتی اے ٹیم 224رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان اے نے میچ میں 128رنز سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایمرجنگ ایشیا کے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع بھی کر لیا۔پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم سب سے کامیاب باو لر رہے جبکہ محمد وسیم جونیئر، ارشد اقبال اور مہران ممتاز نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں