این سی سی آئی اے لاہور کی کارروائی، 35 ارب روپے کا بین الاقوامی آن لائن فراڈ بے نقاب
شیئر کریں
ملزم اب تک 50لاکھ سے زائد جعلی ڈاک ٹکٹ بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کر چکا
فراڈ کیلئے خاندان کے افراد کے نام پر بنے 16 مختلف بینک اکائونٹس استعمال کرتا رہا، حکام
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی لاہور نے انٹیلی جنس بیسڈ بڑی کارروائی کرتے ہوئے 35 ارب روپے مالیت کے بین الاقوامی آن لائن فراڈ میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
جاری بیان کے مطابق جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے والا مرکزی ملزم فہیم اکرم لاہور سے گرفتار کیا گیا،ملزم 2023 سے جعلی ویب سائٹ جعلی ویب سائٹ کے ذریعے امریکی ڈاک ٹکٹ کی جعلسازی کا دھندہ کر رہا تھا،
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اب تک 50 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک ٹکٹ بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کر چکا ہے، جس سے قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا، ملزم اس فراڈ کے لیے اپنے خاندان کے افراد کے نام پر بنے 16مختلف بینک اکانٹس استعمال کر رہا تھا، جن کے ذریعے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔
ملزم انتہائی شاطر ہے اور گرفتاری سے بچنے کیلئے مسلسل اپنا مقام تبدیل کر رہا تھا، ملزم کی گرفتاری کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی نگرانی میں 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، ٹیموں نے 10روز تک مسلسل لوکیٹر آپریشن جاری رکھا، اس دوران جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 122 مشتبہ کال ریکارڈز کا تجزیہ، 50 سے زائد آئی ایم ای آئی نمبرز کو ٹریس اور 47 افراد سے تفتیش کی گئی، جس کے بعد پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں 35 مختلف مقامات پر بیک وقت چھاپے مار کر ملزم کو گرفتار کیا گیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ اس کے دیگر سہولت کاروں اور بیرون ملک نیٹ ورک کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں، ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کا اس موقع پر یہ کہنا تھا کہ سائبر جرائم، ڈیجیٹل فراڈ اور ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے، کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کے آن لائن فراڈ، جعلی ویب سائٹس اور سائبر کرائم کی اطلاع این سی سی آئی اے کی ہیلپ لائن 1799 یا قریبی سرکل میں رپورٹ کریں۔


