آزاد کشمیر سے متعلق بیان ، پی ٹی آئی نے سینیٹر ڈاکٹر زرقا کو شوکاز نوٹس جاری
شیئر کریں
تحریک انصاف نے پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیان دینے پر سینیٹر ڈاکٹر زرقا سے وضاحت طلب کرلی
حساس نوعیت کے معاملات پر بیان بازی سے گریز کرنے اور 7 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت
پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے حوالے سے پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیان دینے پر سینیٹر ڈاکٹر زرقا کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیٔرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے سینیٹر زرقا کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں آزاد جموں و کشمیر سے متعلق بیانات پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔شوکاز نوٹس میں سینیٹ میں دیے گئے بیان کو پارٹی مؤقف سے متصادم قرار دیا گیا جبکہ آزاد کشمیر کے عوام سے متعلق استعمال کی گئی زبان پر اعتراض اٹھایا گیا ہے۔شوکاز نوٹس میں سینیٹ فلور پر کی گئی تقریر کو بنیاد بنایا گیا جبکہ میڈیا پر دیے گئے بیانات کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔نوٹس میں ذاتی آرا کو پارلیمانی پلیٹ فارم سے پیش کرنے پر سوالات اٹھائے گئے اور ڈاکٹر زرقا پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پارٹی بیانیے کو نقصان پہنچایا ہے۔شوکاز میں سینیٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قومی اہمیت کے حساس معاملات پر پارٹی مؤقف کی پابندی کریں اور 7 روز میں اپنے بیانات پر تحریری جواب بھی پیش کریں۔پارٹی قیادت نے سینیٹر ڈاکٹر زرقا کو آئندہ غیر مجاز بیانات سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے حساس قومی و علاقائی معاملات پہلے پارٹی فورم پر اٹھانے کی ہدایت کی اور پارٹی پالیسی کے خلاف عوامی مؤقف اختیار کرنے پر وضاحت طلب کر لی۔


