میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ہنگو، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے 6 اہلکار شہید

ہنگو، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے 6 اہلکار شہید

جرات ڈیسک
اتوار, ۲۰ ستمبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوان بھی شامل ہیں، آئی ایس پی آر

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

خیبرپختوںخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ پاک فوج کے دو افسران سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ہنگو میں 20 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سیکیورٹی فورسز نے مؤثرکارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃالخوارج کو ہلاک کردیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران فتنۃ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا اور اس دوران دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے دو بہادر افسران نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر بھی شامل ہیں، کارروائی میں 4 جوان بھی شہید ہوئے ہیں، یوں مجموعی طور پر 2 افسران سمیت 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور وفاقی ایپکس کمیٹی کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک میں غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ملک کے دفاع اور قوم کی حفاظت کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور سیکیورٹی فورسز ملک کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر اپنا فرض ادا کرتی رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر خراج تحسین پیش اور فتنۃ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیرازبابر اور 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے وطن عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا، شہدا نے قوم کے مستقبل اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پوری قوم اپنے بہادرشہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورشہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن عزم استحکام کے تحت کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں