بجٹ گمراہ کن، فراڈ ، عوام کے گلے پر چھری پھیری گئی( عمر ایوب ،اسد قیصر)
شیئر کریں
ہماری جماعت کی ایران کے حق اور اسرائیل کی مخالفت میں قرارداد کو بھی براہ راست نشر نہیں کیا گیا
پاکستان کی درآمدات کا 25 فیصد خرچ پیٹرولیم مصنوعات پر ہوتا ہے ، رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ نئی مالی سال کے بجٹ میں عوام کو گمراہ کیا گیا، بجٹ 26-2025 میں عوام کے گلے پر چھری پھیری گئی ہے،گزشتہ 3 سالوں کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔اسلام آباد میں دیگر پارٹی رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب خان نے وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میری بجٹ تقریر کا مکمل بلیک آوٹ کیا گیا، قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی، ہماری جماعت کی ایران کے حق اور اسرائیل کی مخالفت میں قرارداد کو بھی براہ راست نشر نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ورچوئل مارشل لا لگا ہوا ہے، یہاں نہ آزادی اظہار کی اجازت ہے اور نہ ہی جمہوریت، جس طرح ہمارے حقوق کو سلب کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے۔رہنما پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ وفاقی حکومت کا 6 ہزار 500 ارب روپے خسارے کے ساتھ نئی مال سال کا بجٹ اطلاق سے قبل ہی اپنی موت آپ مر جائے گا۔


