اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ
شیئر کریں
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کا 4روزہ تاریخی دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے انتونیو گوتریس کو رخصت کیا اور انہیں دورہ پاکستان کا یادگاری تصویری البم پیش کیا گیا۔پاکستان سے روانگی کے وقت اپنے ٹوئٹر پیغام میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس جارہاہوں، لاہور کی ثقافت اور تاریخ سے بہت لطف اندوز ہوا، اپنے شاندار دورے پر پاکستانی عوام کا مشکور ہوں۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستانی نوجوانوں کوپیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی 30سال سے کم عمرہے ، خود کو مصروف رکھیں، سوچ بڑی رکھیں اور بہتر دنیا کی تعمیر کے لیے کوششیں کرتے رہیں۔انتونیو گوتریس نے اپنے دورے کے دوران اسلام آباد اور لاہور میں کئی تقاریب میں شرکت کی، انہوں نے جہاں افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب اور اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، وہیں لاہور کے شاہی قلعے کی سیر کے علاوہ کرتار پور کوریڈور کا بھی دورہ کیا۔