اگر کوئی سازش کی گئی تو میرے کہے بغیر حالات خراب ہو سکتے ہیں، بلاول بھٹو
شیئر کریں
کیا پی سی بی چیئرمین کو یہ حق ہے وہ کہے کہ سسٹم گرچکا ہے، ریفرنڈم غیرآئینی اقدام ہوگا، آئین میں واضح ہے کہ صوبہ نئے صوبوں کا فیصلہ کرے گا
اگر سیاسی اور جمہوری ری سیٹ ہونا ہے تو اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا ہے، تجویز دے رہا ہوں کہ اپوزینش کو مخصوص نشستیں واپس دی جائیں، نجی ٹی وی سے گفتگو
میں نے کل تھوڑا زیادہ سچ بولا جو اب ہضم نہیں ہو رہا،سچ کہنے کے بعد انہوں نے مجھ سے بھی لڑنے کا فیصلہ کیا ہے
وزیراعظم کے پاس پی سی بی چیئرمین سے زیادہ اختیارات ہونے چاہئیں، چیئرمین پیپلزپارٹی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حالیہ بیان پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کل تھوڑا زیادہ سچ بولا جو اب ہضم نہیں ہو رہا۔ اگر کوئی سازش کی گئی تو میرے کہے بغیر حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ محکومت نے پی ٹی آئی سے لڑنے کا فیصلہ کیا، اب نیا فیصلہ ہےکہ جے یو آئی سے بھی لڑیں گے۔ لگتا ہے میرے سچ بولنے کے بعد مجھ سے بھی لڑنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ریفرنڈم غیرآئینی اقدام ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سسٹم گرچکا ہے تو کیا صرف ان کا حق ہے، کیا پی سی بی چیئرمین کو یہ حق ہے کہ وہ کہے کہ سسٹم گرچکا ہے ، اگر سسٹم ری سیٹ کرنا ہے تو کیا پی سی بی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ فیصلہ کرے، مولانا فضل الرحمان آپ کے پرانے ساتھی رہے ہیں تنقید کریں تو رد عمل گھر گرانے کا آتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سسٹم کولیپس کرنےکا مسئلہ ہم نے شروع نہیں کیا، میرے بھائی محسن نقوی نے سسٹم کولیپس کی بات شروع کی، کیا سسٹم ری سیٹ ہونے پر بات کرنےکا حق صرف محسن نقوی کو ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ روز میں نے کسی تناظر میں بات کی تھی، اگر کوئی کہے گا کہ سسٹم کولپیس کرے گا تو میرا بھی حق ہے کہ ہم اپنا موقف دیں، اگر سسٹم کولیپس ہے تو کیوں ہوچکا ہے؟ اگر کوئی کہتا ہے کہ سسٹم ری سیٹ ہونا ہے تو میرا حق ہے کہ اپنا موقف دوں، اس ری سیٹ کی کیا شکل ہونی چاہیے؟ کیا غیر سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے یا سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے؟ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانےکی بات کی گئی، بڑا اسٹیک ہولڈر ہونے کے باوجود مجھ سے مشورہ نہیں کیاگیا، صدرزرداری اور محسن نقوی کی ملاقات میں نئے صوبوں پر بات چیت نہیں ہوئی ہے، ایوان صدر نے بھی وضاحت کی کہ ملاقات میں صوبوں پر بات نہیں ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے الیکشنز میں اپوزیشن دھاندلی کے الزام لگاتی تھی اور حکومت مسترد کرتی تھی لیکن یہ پہلی بار ایسا ہوا ہےکہ اپوزیشن اورحکومتی نمائندے بھی کہہ رہے ہیں دھاندلی ہوئی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات کا مقصد وفاقی حکومت سے کوآرڈینیشن تھا، ریفرنڈم غیر آئینی ہے، آرٹیکل239-اے میں سب کچھ واضح ہے، آئین کو سائیڈ پر رکھ کر ریفرنڈم کرانا مناسب نہیں ہوگا، آئین میں دیا گیا طریقہ کار پورا کیے بغیر ریفرنڈم کرانےکی کوئی منطق نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو صوبے کی حیثیت اور جنوبی پنجاب صوبے کا ایک الگ تناظر ہے، جنوبی پنجاب کے صوبے سے متعلق پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین نظرانداز کرکے مرضی کا ماحول بنا کر زورزبردستی سے بات نہیں بنے گی، انتخابی اصلاحات ہونے ہیں تو اس سے پہلے ریفرنڈم یا نیاالیکشن ہو یہ کیسے ممکن ہے اور کیسےممکن ہے اس نظام میں ریفرنڈم کے ذریعےعوام کی اصل رائے سامنے آئےگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اپنی تجاویزسے آگاہ کیا اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹا، اپنی پوزیشن سے پیچھے نہیں ہٹا، معاشی مشکلات کا شاید اشرافیہ کو اندازہ نہیں، میں بڑا اسٹیک ہولڈر ہو کر بتارہا ہوں کہ حالات بہتر کرنے کی یہ میری تجاویز ہیں، میں اسٹیک ہولڈر ہوں اس لیے کہہ رہا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، لگ رہا ہے کہ میرے سچ بولنے کے بعد انھوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ مجھ سے بھی لڑیں گے، جو رد عمل آیا ہے ثبوت ہے کہ سیاستدانوں میں سچ سننے کا حوصلہ نہیں، میری بات سننے کا ان میں حوصلہ نہیں تو عوام کا کیا ہوگا جو اپنی آواز حکومت تک نہیں پہنچا سکتے، آپ نے بحث جاری کی تو اتنی ہمت کریں کہ یہ بحث اب ہو، خود ہی فیصلہ کیا کہ یہ بحث ٹاوٹس کے ذریعے کی جائے گی تو یہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اتنا کمزور نہیں کہ یکطرفہ بحث ہوگی باقی سب کو ماننا ہوگا یا خاموش رہنا ہوگا، ایسا تو ہونا نہیں چاہیے، جب سے صوبوں کی بحث کا آغاز ہوا نہ کسی وزیر، وزیراعظم یا کسی سیاسی اسٹیک ہولڈر سے بات کی گئی، بحث ہونی چاہیے لیکن بنیادی مسائل پر توجہ نہیں میں یہ توجہ ان مسائل پر دلانا چاہ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک وزیر بات کرتا ہے تو دوسرا فیصلہ سناتا ہے، آج بھی چاہتا ہوں کہ شہباز شریف کامیاب ہوں، ان کے ہاتھ مضبوط ہوں، وزیراعظم کے پاس پی سی بی چیئرمین سے زیادہ اختیارات ہونے چاہئیں۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ میں تاریخ کا طالب علم ہوں اور جانتا ہوں سندھ میں 80 اور 90 میں کیا ہوا؟ سندھ کی سیاست کو تقسیم کرنے کے لیے پہلے بھی سازش کرائی گئی، آج بھی یہ خدشہ موجود ہے اس لیے خبردار کر رہا تھا کہ زور زبردستی سے سندھ تقسیم ہو گا تو ساتھ نہیں دوں گا، میں خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا دھمکی نہیں دے رہا تھا، اگر زور زبردستی سے ایسا کچھ کیا گیا تو صوبے میں ایسی آگ لگے گی کہ اسے بجھانا مشکل ہو گا، خون خرابے والے حالات پیدا کئے جائیں گے تو معاشی حالات کیا ہوں گے؟
اگر کوئی سازش کی گئی تو میرے کہے بغیر حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ہمارے ساتھ سب سے بڑا ظلم ہوا، کبھی دھمکی نہیں دی، گڑھی خدابخش بھٹو کا قبرستان ہماری قربانیوں کی داستان ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر صوبے بننے ہی بننے ہیں تو پھر میری باتوں پر اعتراض نہ کریں، حکومت کو تجویز دوں گا کہ کن فیکون کی طاقت صرف اللہ کی ذات ہے، اگر کوئی کہے کہ فیصلہ ہو گیا تو اس کے اثرات ہوں گے، اتنی طاقت کے باوجود نوجوان کی بات کے بعد آفٹر شاکس کیوں آتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح کہا ہے کہ صوبہ نئے صوبوں کا فیصلہ کرے گا، سوال یہ ہے کہ ایک جعلی ریفرنڈم پر اپنا پیسہ کیوں ضائع کر رہے ہیں؟ (ن) لیگ عوام کا پیسہ ریفرنڈم پر ضائع کرنے کے بجائے پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ کیوں نہیں کراتی؟ اسپیکر پنجاب اسمبلی کو اپنے ارکان کا ریفرنڈم کروانا چاہیے۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ کیا پی سی بی کو سسٹم ری سیٹ کرنے کا فیصلہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے؟ صوبوں کو تقسیم کیا جائے گا کیا اس پر بات کرنے کا حق صرف چیئرمین پی سی بی کو ہے؟ یہ تجویز دینا کہ ہمارا نظام کیسا ہو گا یہ بھی ریڈ لائن ہو گا؟ اس سے بہتر ہے کہ یہ سیاستدان نہ ہی رہیں؟ تھوڑا بہت آگے جائیں گے تو غدار بن جائیں گے؟۔ میں مخصوص نشستوں پر صرف تجویز دے رہا ہوں یہ کوئی ریڈ لائن نہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم میں آئینی عدالت کا بن جانا ایک تاریخی کامیابی ہے، ہم نے ستائیسویں ترمیم پاس کرلی میں اس سے پیچھے نہیں ہٹ رہا، میں نہیں کہتا کہ ستائیسویں ترمیم ختم کریں یا آئینی عدالتیں ختم کریں، 26 ویں آئینی ترمیم کے لیے مولانا فضل الرحمان کے ذریعے اپوزیشن کا ان پٹ حاصل کیا، 27ویں ترمیم کے لیے اپوزیشن کا ان پٹ نہ لے سکے، 27 ویں ترمیم کے بعد جج صاحبان کا ردعمل میرے لیے غیر متوقع تھا، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ سے استعفے نہیں آئے27 ویں کے بعد استعفے دیے گئے، میں نے کہا عدلیہ اور وکلا کا ان پٹ لیا جائے اس میں کیا ریڈ لائن کراس کی میں نے؟ انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی اور جمہوری ری سیٹ ہونا ہے تو اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا ہے، تجویز دے رہا ہوں کہ اپوزینش کو مخصوص نشستیں واپس دی جائیں، یہ تجویز ہے ریڈ لائن نہیں، میں تجویز دے سکتا ہوں حکومت نے نہیں کرنا اور نہیں سننا تو زور زبردستی تو کام نہیں کرسکتا، تجویز دی ہے کہ اگر ہمیں شروعات کرنی ہے تو یہاں سے آغاز کیا جا سکتا ہے، جب یہ مخصوص نشستیں حکومت کے پاس نہیں تھیں تب بھی پیپلزپارٹی سپورٹ دیتی تھی، یہ مخصوص نشستیں نہیں ہوں گی تو اب بھی ہم پر کوئی آسمان نہیں گرے گا، اس نظام کا بوجھ اٹھانے میں میرا سیاسی نقصان ہے، میں آج بھی چاہ رہا ہوں کہ شہباز شریف کامیاب ہوں، عوام کی ہم سے واحد امید اس وقت معاشی مسائل کا حل ہے۔


