لیاقت آباد دس نمبر فلائی اوور کے نیچے کمرشل پارکنگ جاری
شیئر کریں
فلائی اوور کے نیچے تمام تجارتی سرگرمیوں پر عائد عدالتی پابندی کا حکم نظر انداز کر دیا گیا
تمام فلائی اوور کے ایم سی کے زیر انتظام ، محکمہ چارجڈ پارکنگ غیر قانونی سرگرمیوں میںملوث
عدالتی فیصلے کے برخلاف لیاقت آباد دس نمبر فلائی اوور کے نیچے کمرشل بنیاد پر پارکنگ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ رواں سال مئی کے پارکنگ کا ٹھیکہ ختم ہونے کے باوجود عدالتی فیصلے کے برخلاف فلائی اوور کے نیچے کمرشل سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ چارجڈ پارکنگ اور علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سابق سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے دور میں لیاقت آباد ٹاؤن نے الآعظم اسکوائر ،الکرم اسکوائر کے ٹرانسپورٹرز کو پل کے نیچے پارکنگ کی اجازت دی تھی تاکہ مذکورہ مقام پر ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہوسکے ۔ کے ایم سی بحال ہونے کے بعد تمام فلائی اوور کے ایم سی کے زیر انتظام آگئے جس کے بعد دس نمبر پل کے نیچے پارکنگ کا سلسلہ بھی کے ایم سی نے شروع کرادیا۔ اسی دوران عدالت نے فلائی اوور کے نیچے تمام تجارتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام فلائی اوورز کے نیچے سے تجاوزات کے خاتمہ کا حکم دے دیاجس کے بعد کراچی بھر کے فلائی اوور کے نیچے تجارتی سرگرمیاں ختم کرادی گئیں تاہم لیاقت آباد دس نمبر فلائی اور کے نیچے قائم پارکنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق 2021میں اس وقت کی خاتون ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ نے بغیر کسی نیلامی کے پہلی بار ٹرانسپورٹر کی جگہ ٹھیکیدار فیضان انٹرپرائز کو ٹھیکہ دے دیا گیا۔ سابق میئر کراچی وسیم اختر کے دور میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد فلائی اوور کے نیچے سے پارکنگ کا سلسلہ ختم کرادیا گیا اور تقریبا چھ ماہ تک یہ سلسلہ رکا رہا بعد ازاں محکمہ چارجڈ پارکنگ نے یہ سلسلہ دوبارہ شروع کرادیا جو تاحال جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق کے ایم سی پارکنگ چالان تو جاری کرتی ہے لیکن سپریم کورٹ کے باعث چالان پر لیاقت آباد دس نمبر فلائی اوور کے بجائے سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد اور الاعظم اسکوائر کے سامنے کا مقام تحریر کیا جاتا ہے ۔(نمائندہ جرأت)


