میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پنجاب میں 15اکتوبر تک دفعہ 144نافذ، اجتماعات پر پابندی

پنجاب میں 15اکتوبر تک دفعہ 144نافذ، اجتماعات پر پابندی

جرات ڈیسک
منگل, ۶ اکتوبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

عوامی مقامات، شاہراہوں یا کھلی جگہ پر 5یا زائد افراد کے اجتماع، جلوس یا اکٹھ پر مکمل پابندی عائد ہو گی’نوٹیفکیشن جاری

قانون نافذ کرنیوالے اداروں ،انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے فوری نوعیت کے خطرات کی اطلاعات موصول ہوئیں، ترجمان محکمہ داخلہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 15 اکتوبر تک دفعہ 144نافذ کردی گئی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں عوامی مقامات، شاہراہوں یا کھلی جگہ پر 5 یا زائد افراد کے اجتماع، جلوس یا اکٹھ پر مکمل پابندی عائد ہو گی، عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد ہو گی، غیر قانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کیلئے اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی عائد ہو گی۔ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد و دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا، عدالتیں، حکومتی ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی ۔ پابندی کا اطلاق ڈیوٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سکیورٹی اہلکاروں پر نہیں ہو گا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر میں دفعہ 144کا نفاذ 6سے 15اکتوبر تک کے لئے کیا گیا ہے، عوامی امن، سکون اور جان و مال کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر دفعہ 144نافذ کی گئی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے فوری نوعیت کے خطرات کی اطلاعات موصول ہوئیں، انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں عوامی اجتماعات کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں، اجتماعات، ریلیاں، جلسے، دھرنے، جلوس اور مظاہرے دہشت گرد حملوں کیلئے ممکنہ آسان ہدف بن سکتے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے فوری حفاظتی اقدامات میں معاونت کی درخواست کی۔سیکرٹری داخلہ نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 (6)کے تحت عوامی اجتماعات پر فوری پابندی عائد کر دی، عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144کے فوری نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں