کراچی میں سیاسی سرگرمیوں کا بڑا دن، مختلف جماعتوں کے احتجاج، ریلیوں اور جلسوں کا اعلان
شیئر کریں
جے یو آئی سندھ کی وحدت اور قائدین کی کردار کشی کے خلاف گرومندر پر احتجاجی مظاہرہ
قوم پرست جماعتوں کی وحدتِ سندھ ریلی، اے این پی کا جلسہ اور ایم کیو ایم پاکستان کا جنرل ورکرز اجلاس بھی ہوگا
شہر قائد میں 22 نومبر بروز اتوار کو مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی سرگرمیوں کے باعث سیاسی سرگرمیوں کا ایک اہم دن قرار دیا جا رہا ہے۔ چھٹی کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، جلسے اور تنظیمی اجلاسوں کا انعقاد کیا جارہاہے جمعیت علمائے اسلام سندھ کی جانب سے سندھ کی وحدت اور جماعت کے قائدین کی کردار کشی کے خلاف شہر بھر سے ریلیاں نکالی جائیں گی، جو دوپہر 2 بجے گرومندر پہنچ گئی ، جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب قوم پرست تنظیموں کی رہبر کمیٹی کے زیر اہتمام وحدتِ سندھ ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ ریلی سچل گوٹھ، گلستانِ جوہر سے شروع ہو کر ایمپریس مارکیٹ سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پہنچے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی ضلع وسطی کی جانب سے شاہراہِ نور جہاں پر جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس میں پارٹی رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے۔ ادھر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام کورنگی میں جنرل ورکرز اجلاس منعقد ہوگا، جس سے مصطفیٰ کمال اور دیگر پارٹی رہنما خطاب کریں گے۔ یوں 22 نومبر کو کراچی کے مختلف علاقوں میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے بیک وقت مختلف سرگرمیاں منعقد ہوں گی، جن میں احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، جلسوں اور تنظیمی اجلاسوں کے ذریعے اپنے اپنے مؤقف اور مطالبات پیش کیے جائیں گے۔


