میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ٹی آئی اجتماع، مزار قائد کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ، اہم سڑکیں بند 

پی ٹی آئی اجتماع، مزار قائد کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ، اہم سڑکیں بند 

جرات ڈیسک
اتوار, ۶ ستمبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

سیکیورٹی خدشات کے باعث اضافی نفری تعینات، ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک معطل

مزار قائد کے اطراف جلسے، جلوس اور ریلیوں کی اجازت نہیں،ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سیکیورٹی خدشات اور موجودہ خطرے کے پیش نظر مزار قائد اور اطراف میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ اجتماع کے پیش نظر ایم اے جناح روڈ سمیت اطراف کی متعدد اہم سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مزار قائد کے اطراف کسی بھی قسم کے جلسے، جلوس، ریلی یا بڑے اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر نظیر شیخ نے واضح کیا ہے کہ اجازت کے بغیر کسی اجتماع کی کوشش کی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مزار قائد اور ملحقہ علاقوں میں اضافی پولیس نفری تعینات کردی گئی ہے، جبکہ داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بھی مزید سخت کردی گئی ہے۔ مزار قائد کی جانب جانے والی بعض سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کے مطابق نیو ایم اے جناح روڈ اور کوریڈور تھری کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جبکہ ایم اے جناح روڈ کی دونوں سمتوں پر بھی ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔ گرومندر سے نمائش چورنگی اور کیپری سنیما سے نمائش چورنگی جانے والی سڑکیں بھی بند کردی گئیں۔

ٹریفک پولیس نے متاثرہ شاہراہوں سے آنے والی ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب بھیج دیا۔ صدر دواخانے سے آنے والی ٹریفک کو لکی اسٹار جبکہ جیل چورنگی سے آنے والی ٹریفک کو کشمیر روڈ کی طرف موڑادیاگیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو شاہراہ قائدین پر 6 ستمبر کے جلسے کی تاحال اجازت نہیں مل سکی۔ مزار قائد پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی حاضری اور پی ٹی آئی کے ممکنہ اجتماع کے تناظر میں انتظامیہ نے سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

پولیس حکام نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں