حکومت پر دبائو بڑھائیں،ارکان اسمبلی آج اڈیالہ جیل پہنچیں،علیمہ خانم کی پارٹی رہنمائوں کو ہدایت
شیئر کریں
بانی سے وکلاء اور اہل خانہ کی فوری ملاقات ممکن بنائی جا سکے،عمران خان کے ذاتی معالج، ماہر ڈاکٹروں اور اہل خانہ کی موجودگی میں علاج کا مطالبہ، شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے
ضمانت کی درخواستوں پر فوری سماعت مقرر کی جائے، عمران اور بشریٰ کی رہائی کا مطالبہ، تنہائی میں قید رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، چیف جسٹس محمد سرفراز ڈوگر سے اپیل
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے پارٹی کے تمام منتخب نمائندوں اور رہنماؤں کو آج اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کی جیل آمد کا مقصد حکومت پر دباؤ بڑھانا ہے تاکہ عمران خان سے فوری ملاقات ممکن بنائی جا سکے۔علیمہ خان نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے وکلاء اور اہل خانہ کی فوری ملاقات کروائی جائے اور انہیں علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے، جہاں ذاتی معالج، ماہر ڈاکٹروں اور اہل خانہ کی موجودگی میں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد سرفراز ڈوگر سے اپیل کی کہ ضمانت کی درخواستوں پر فوری سماعت مقرر کی جائے۔ انہوں نے بشریٰ بی بی سمیت دونوں رہنماؤں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔علیمہ خان نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کو تنہائی میں قید رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور ان کے مطابق اس معاملے میں فوری انصاف ضروری ہے۔خیال رہے کہ عمران خان کو اگست 2023 میں توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے بعد مختلف مقدمات کے سلسلے میں جیل منتقل کیا گیا، جس کے بعد ان کی حراست اور رہائی کا سلسلہ مختلف عدالتی فیصلوں کے باعث جاری رہا۔ان کے خلاف احتساب، دہشت گردی، توہین عدالت، سائفر کیس اور دیگر الزامات سمیت درجنوں مقدمات زیر سماعت ہیں۔ بعض کیسز میں سزائیں بھی سنائی گئیں، مختلف عدالتوں میں اپیلوں اور فیصلوں کے باعث کئی سزائیں معطل یا کالعدم ہو چکی ہیں جبکہ متعدد مقدمات ابھی زیر سماعت ہیں۔9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف ملک بھر میں مقدمات درج ہوئے، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں۔عدالتوں کی جانب سے بعض رہنماؤں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں، کئی کیسز ابھی زیر سماعت ہیں اور متعدد میں اپیلیں بھی دائر ہیں۔


