میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، متعدد آبادیاں ڈوب گئیں، تعلیمی اداروں میں تعطیل

جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، متعدد آبادیاں ڈوب گئیں، تعلیمی اداروں میں تعطیل

جرات ڈیسک
منگل, ۱ ستمبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

بارش رات 3 بجکر 20 منٹ پر شروع ہوئی جو صبح 8 بجے تک جاری رہی

شدید بارش کے باعث سڑکیں اور علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے

پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو نے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا

شہریوں کے کروڑوں کا گھریلو سامان پانی میں ڈوب گیا، رہائشیوں کو الرٹ جاری

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث متعدد آبادیاں ڈوب گئیں، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا اور شہریوں کے کروڑوں گھریلو سامان پانی میں ڈوب گیا، جبکہ راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش صبح 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوئی جو صبح 8 بجے تھمی، شدید بارش کے باعث سڑکیں اور علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے اور متعدد مقامات پر کئی کئی فٹ تک پانی جمع ہوا۔ پیر ودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں، فوجی کالونی میں گھر پانی سے بھر گئے، یونین کونسل 4 اور 5 کے علاقے بھی ڈوب گئے، اعوان کالونی میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی ڈوب گیا۔

اطلاعات کے مطابق بارشوں کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 27 فٹ کو چھو گئی، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 21 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث قریبی آبادی کے رہائشیوں کو انخلاء کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ بارش کے باعث ایکسپریس وے پر بدترین ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

واسا حکام کے مطابق سب سے زیادہ بارش شمس آباد میں 197 اور گولڑہ میں 157 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، نیوکٹاریاں 184، پی ایم ڈی 146 اور پیرودھائی میں 86 ملی میٹر بارش ہوئی۔دریں اثناء موسلادھار بارش کی وجہ سے راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کے مطابق راولپنڈی کے سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کے فیصلہ کیا گیا

۔دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا امکان ہے،بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں