میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سیاسی قبضہ کاروں ،سرکاری جعلسازوں کا اورنگی ٹاؤن اراضی پر بڑھتا ہوا تسلط

سیاسی قبضہ کاروں ،سرکاری جعلسازوں کا اورنگی ٹاؤن اراضی پر بڑھتا ہوا تسلط

ویب ڈیسک
پیر, ۱۷ جولائی ۲۰۲۳

شیئر کریں

( رپورٹ / سید منور علی پیرزادہ ) اورنگی ٹاؤن میں پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان اور چیئرمین جمیل احمد نے ایک دوسرے کا بھانڈا پھوڑ کر سیاسی قبضہ کاروں اور سرکاری جعلسازوں سے متعلق زمینوں کی بندر بانٹ کو از خود بے نقاب کیا ، جس حقیقت کو سندھ حکومت نے نظر انداز کررکھا ہے حالانکہ قبضہ گروہوں کی ایماء پر بغیر کسی منصوبہ بندی، غیرقانونی طریقے سے اورنگی ٹاؤن اراضی کو خود ساختہ نقشوں کی بنیاد پر لیز کیا جارہا ہے ، اس ضمن میں اورنگی ٹاؤن کے مختلف ذریعوں سے ملنے والی معلومات کے مطابق سیکٹر 14/Aنزد بھاشانی بیکری اکبر شہید چوک پر رفاحی پلاٹ ، اورنگی ٹاؤن ڈسکو موڑ واٹر پمپ پمپنگ اسٹیشن ، ٹاؤن 13 نمبر پر ایس ٹی پلاٹ اور سیکٹر 13 سمیت دیگر متعدد مقامات پر اراضی کو خلاف ضابطہ الاٹ کرنے کی شکایات موجود ہیں ، اسی طرح گلشن ضیاء بلاک K ، گلشن حبیب ، گلشن حق باہو ، الطاف نگر سمیت سوسائٹیز میں زمینوں کی غیر قانونی الائٹمنٹ کا سلسلہ جاری ہے ، اس ضمن میں اورنگی ٹاؤن کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید عمیرالحسن ایک تحقیقاتی ادارے کو اپنا بیان ریکارڈ کرواچکے ہیں کہ قبضہ مافیا نے مختلف جعلی بوگس سوسائٹیز کی آڑ میں اورنگی ٹاؤن اراضی پر قبضہ کررکھا ہے ، جن میں گلشن ضیاء گلشن حبیب اور گلشن حق باہو کا نام بھی شامل ہے ۔ واضح رہے کہ عدالت عالیہ کی جانب سے اورنگی ٹاؤن شپ کی حد بندی سے متعلق احکامات موجود ہیں ، جس پر آج تک عملدرآمد نہیں ہوا ، برسوں گزرجانے کے باوجود اورنگی ٹاؤن کی حدود اربعہ کا تعین نہ کیے جانے کا براہ راست فائدہ لینڈ مافیا اور جعلسازی سے لیزیں بنوانے والے افسران کو پہنچ رہا ہے ، غیرقانونی اور خلاف ضابطہ منصوبوں میں دانستہ رہائشی اور کمرشل لیزیں جاری کی جارہی ہیں ۔ اورنگی ٹاؤن کے مقامی ذریعوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان اور چیئرمین جمیل احمد بنیادی طور پر ایک ہی گروپ کا حصہ ہیں ، جو برسوں سے علاقے میں اپنی اجاراہ داری قائم رکھتے ہیں ، ان دونوں کے مابین جاری محاذ آرائی اختیارات اور حصہ داری پر جاری چپقلش کا نتیجہ ہے ، یہی وجہ ہے کہ برسوں سے زمینوں پر قبضوں اور خلاف ضابطہ لیزوں کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے لیکن طویل عرصہ پراسرار خاموشی کے بعد اب ٹاؤن چیئرمین جمیل احمد اس بات کا دعویٰ کررہے ہیں کہ پی ڈی اورنگی رضوان ، سب رجسٹرار اورنگی ٹاؤن کے ساتھ مل کر 32 ہزار ایکٹر غیر قانونی لیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ، ہسپتال ، پارک ، لائبریری کے نام پر مختص پلاٹوں کو غیر قانونی طریقے سے الاٹ کیا جاچکا ہے ، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی اورنگی رضوان کی ایماء پر ٹاؤن چیئرمین جمیل احمد سے متعلق تفصیلات کو سوشل میڈیا کے ذریعے منظر عام پر لایا جارہا ہے ، جس میںٹاؤن چیئرمین پر بھی الزامات ہیں کہ وہ زمینوں پر قبضہ کرنے میں ملوث ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن کے یہ 2 ذمہ داران برسوں سے اراضی پر قبضہ اور جعلسازی سے الاٹ کرنے والوں کی فہرست میں ناصرف شامل ہیں بلکہ ایک دوسرے کے حلیف شمار کیے جاتے تھے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں