میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بلدیاتی الیکشن آج ہی کرائیں ،اسلام آبادہائیکورٹ

بلدیاتی الیکشن آج ہی کرائیں ،اسلام آبادہائیکورٹ

ویب ڈیسک
جمعه, ۳۰ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے میں معاونت فراہم کرے۔پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے نوٹیفکیشن کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنایا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک صفحہ پر مشتمل مختصر تحریری فیصلے میں لکھا کہ الیکشن کمیشن کو ہدایات دی جاتی ہے کہ پہلے سے اعلان کی گئی تاریخ 31 دسمبر 2022 کو ہی بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔فیصلے میں لکھا گیا کہ وفاقی حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے میں معاونت فراہم کرے۔قبل ازیں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت شروع ہوئی، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ای سی پی اور وزارت قانون 4 ماہ میں الیکشن پر رضامندی ظاہر کی اور وزارت داخلہ نے مشاورت کا وقت مانگ لیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروایا گیا، جس میں کہا گیا کہ عدالتی حکم پر الیکشن کمیشن حکام اٹارنی جنرل کے پاس گئے، اٹارنی جنرل نے وزیر قانون سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، وزیر قانون نے ابتدائی طور پر 6 ماہ میں الیکشن کروانے کا کہا۔ای سی پی نے جواب میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے 120 دن کے اندر انتخابات پر اصرار کیا، وزیر قانون نے بعد میں 4 مہینے کے اندر انتخابات کرانے پر رضا مندی ظاہر کی۔جواب میں کہا کہ اٹارنی جنرل نے وزارت داخلہ حکام سے بھی رابطہ کیا، وزیر داخلہ نے معاملے پر آج دن 2 بجے میٹنگ رکھی ہے، وزیر داخلہ کی جانب سے حکام نے جواب سے آگاہ کیا۔ای سی پی کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا کہ بتایا کہ وزیرِداخلہ اکیلے وعدہ نہیں کر سکتی، وفاقی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل سردار تیمور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنا بوجھ عدالت پر ڈالنے کی کوشش کی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کا کبھی نہیں کہا تھا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مجوزہ قانون سازی کا سہارا لیا، صدر کے دستخط نہ ہونے کے باعث اسے قانون سازی نہیں، مجوزہ بل ہی کہا جائے گا۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن شیڈول کسی عدالت کے سامنے چیلنج ہوا؟ اگر چیلنج نہیں ہوا تو الیکشن شیڈول تو ابھی بھی موجود ہے۔اس پر ڈی جی الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ نہیں، بلدیاتی انتخابات کو موخر کر دیا گیا تھا۔عدالت نے کہا کہ اگر ہم آپ کی رٹ پٹیشن منظور کریں تو کیا الیکشن کمیشن انتخابات کرا سکتا ہے؟پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن خود کہہ چکا کہ تمام تیاری مکمل اور صرف سامان کی ترسیل باقی ہے۔وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ الیکشن کمیشن بے شک ایک ہفتے بعد انتخابات کرا لے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے دلائل دئیے کہ وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن حکام کا اجلاس ہے، وقت کی کمی کے باعث پیراوائز کمنٹس داخل نہیں کرا سکے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا وفاقی حکومت اتنی نااہل ہو گئی ہے کہ پٹیشن کا جواب داخل نہ کر سکے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگر جواب تیار کر بھی لیں تو وزارت قانون سے اس کی منظوری کے بعد داخل ہوتا ہے ،دوسری جانب وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں (آج)ہفتہ کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منوراقبال دوگل نے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کرنے کی تصدیق کردی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے کہاکہ فیصلے کی مصدقہ نقل مل گئی، انٹراکورٹ اپیل کی تیاری کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹراکورٹ اپیل پر آج ہی سماعت کی استدعا کی جائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں