پرویز الہٰی کی سبکدوشی: ق لیگ، پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع کا فیصلہ
شیئر کریں
گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کیے جانے کے بعد اب سیاسی بحران کے قانونی جنگ میں بھی تبدیل ہونے کے امکانات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ق لیگ اور پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ کے طور پر پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کی جانب سے پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے سبکدوش کرنے اور چیف سیکریٹری کی جانب سے کابینہ کو تحلیل کرنے کے احکامات کے بعد پرویز الہیٰ، اسپیکر اسمبلی سبطین خان اور راجہ بشارت کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وکلا اور قانونی ماہرین بھی موجود تھے، جنہوں نے گورنر کے احکامات پر مختلف قانونی نکات پر روشنی ڈالی اور آئندہ قدم اٹھانے کے حوالے سے قانونی مشورہ بھی دیا۔ ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی اور ق لیگ کی جانب سے گورنر کے احکامات کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے لیے صبح لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔