میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
امریکا نے القاعدہ ،کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 رہنماؤں کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا

امریکا نے القاعدہ ،کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 رہنماؤں کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا

جرات ڈیسک
جمعه, ۲ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

امریکا نے القاعدہ برصغیر اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے چار جنگجوؤں کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔ مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر جاری امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے بیان کے مطابق امریکا نے افغانستان باالخصوص خطے کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کالعدم القاعدہ برصغیر اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے چار کارندوں کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کالعدم القاعدہ برصغیر کے امیر اسامہ محمود اور نائب امیر عاطف یحیٰ کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے، جبکہ کالعدم القاعدہ برصغیر کے بھرتیوں کے معاملات دیکھنے والے محمد معروف کو بھی دہشت گرد قرار دیا گیا۔ امریکا کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے گئے ان افراد کے امریکی سرزمین پر موجود تمام اثاثے بھی منجمد کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ امریکا میں مقیم کسی بھی شخص کی ان افراد سے لین دین پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ امریکا کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے قاری امجد کو بھی دہشت گرد قرار دیا گیا ہے، قاری امجد خیبرپختونخوا میں آپریشنز اور دہشت گردوں کا سرغنہ ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان میں سرگرم دہشت گرد گروپوں کی طرف سے لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ افغانستان دہشت گردوں کی آماجگاہ نہ بنے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں