عمران صاحب معاشی جرائم کی سزاعوام کونہیں دیناچاہتے، مریم اورنگزیب
شیئر کریں
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی حکومتی ادوار میںمعاشی، اقتصادی اور اشیاء کی قیمتوں کے موازنے کا چارٹ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ معاشی تباہی کا چہرہ صرف عمران خان ہیں ،عوام سب جانتے ہیں اپنے مجرم کو پہچانتے ہیں ،نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں ہمیشہ مہنگائی اور کرپشن کم ہوئی ہے ،نوازشریف ، شہبازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب کے معاشی جرائم کی سزا پاکستان کے عوام کو نہیں دینا چاہتے ،پٹرول کی قیمت بڑھانا آسان ہے لیکن ہم عوام کومزید تکلیف سے بچانا چاہتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ عوام مزید غریب نہ ہوں، ان پر مزید بوجھ نہ پڑے، اس لئے پڑول کی قیمت نہیں بڑھا رہے ،عمران صاحب کو اپنے معاشی جرائم کا بوجھ اٹھانا اور جواب دینا پڑے گا ۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی بڑھانا مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی روایت اور اس کے منشور کے خلاف ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نوازشریف نے دہشت گردی ختم کی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، مہنگائی کم کی ،مہنگا آٹا، مہنگی گیس، مہنگی بجلی ، مہنگی دوائی کا حساب عمران صاحب کو دینا پڑے گا ۔ وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ نوازشریف دور میں ڈالر 116 روپے تھا، عمران صاحب نے 189 روپے پر پہنچا دیا ،1947 سے 2018 تک تمام حکومتوں نے مل کر 71 سال میں 24 ہزار 953ارب قرض لیا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ نوازشریف دور میں پاکستان میں کرپشن کم ہوئی، عالمی درجہ بندی میں پاکستان 117 نمبر پر آگیا ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران صاحب کے دور میں کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، عالمی درجہ بندی میں 23 پوائنٹس پاکستان اوپر چلاگیا،عمران صاحب بتائیں پاکستان میں کرپشن کیوں بڑھی؟ 117 سے پاکستان 140 نمبر پر کیوں گیا؟۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ پی ٹی آئی الیکشن نہیں ملک میں صرف انتشار چاہتی ہے ،پاکستان جمہوری ملک ہے، اس میں قومی سیاسی عوامی جماعتیں ہیں، ان کی مشاورت سے انتخابات کا فیصلہ ہوگا ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران صاحب اور ان کی جنتری پاکستان میں ایک شخص، ایک جماعت اور ایک سوچ کی حکمرانی چاہتے ہیں، یہ نہیں ہوگا ،ایک جماعت کی حکمرانی کا مطلب فسطائیت اور آمریت ہوتا ہے، یہ بیان اسی منفی غیرجمہوری سوچ کا اظہار ہے۔