میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ڈی ایم کا مقصد اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کا خاتمہ ہے ، سربراہی اجلاس

پی ڈی ایم کا مقصد اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کا خاتمہ ہے ، سربراہی اجلاس

ویب ڈیسک
منگل, ۹ مارچ ۲۰۲۱

شیئر کریں

پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے لئے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیر پاؤ، عثمان کاکڑ، ساجد میر، میاں افتخارحسین، یوسف رضاگیلانی، شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف بھی شریک ہوئے، سابق وزیراعظم نواز شریف لندن سے ورچوئلی شریک ہیں۔اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیرمین سینیٹ کے لئے مشترکہ امیدواروں، لانگ مارچ کی تیاریوں و حکمت عملی، وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے بعد کی صورتحال اور مجموعی ملکی سیاسی حالات پر غور کیا گیا۔ لانگ مارچ کے لئے سفارشات پیش ۔اجلاس کے دوران لانگ مارچ کے لئے قائم خصوصی کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، سفارشات میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع کیا جائے، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے، تمام جماعتیں زیادہ سے زیادہ افراد کو لانے کے لئے پوری طرح متحرک ہوں، تمام جماعتیں اپنے اخراجات خود برداشت کریں گی۔کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ لانگ مارچ کے لئے لوگوں کو متحرک کرنے کے لئے ایک مشترکہ نظم تیار کیا جائے، تاجروں ، کسانوں اور مزدور یونینوں سے رابطہ کیا جائے اور انہیں مکمل طور پر متحرک کیا جائے، دھرنے کے مقام پر شرکاء کے پہنچنے سے قبل انتظامات کئے جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ چار روز بعد چیئرمین سینیٹ کے انتخابات ہونا ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیت کر ایک اور فتح اپنے نام کریں، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے روڈ میپ کے ساتھ کمٹڈ ہے۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اجلاس کے دوران سینیٹ کے چیئرمین کے لیے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرلیا گیا۔پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے قیام کا مقصد حکومت کا حصول نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کا خاتمہ ہے، یوسف رضا گیلانی کو شاندار کامیابی پر مبارکاد پیش کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری نے ٹھیک کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا اثر ملکی سیاست پر ہوگا، ان کی کامیابی نے حکمرانوں کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں۔ پیپلزپارٹی سینیٹ چیئرمین کے لئے یوسف رضا گیلانی کا نام پیش کرے، مسلم لیگ (ن) ساتھ دے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں