چاروں صوبوں میں دینی مدارس کی رجسٹریشن شروع
شیئر کریں
وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کا مرحلہ آج شروع ہوگا۔اینی مدارس کی رجسٹریشن کا آغاز آج سے شروع ہورہا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں مدارس رجسٹریشن دفاتر نے کام شروع کردیا ہے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تاحال کسی مدرسہ نے رجسٹریشن فارم حاصل نہیں کیا، جب کہ وزارت تعلیم کے رابطہ دفتر سے 8 سے 10 مختلف مدارس کے مہتمم حضرات نے رابطہ کیا۔دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل آج 5 اکتوبر 2020 سے شروع ہونا ہے، حکومت پاکستان اور اتحاد تنظیمات مدارس کے مابین معاہدہ کی رو سے مدارس رجسٹرڈ ہوکر وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ منسلک ہوں گے، وہ تمام مدارس جہاں درس و تدریس کے ساتھ قیام و طعام کی سہولیات دی جاتی ہوں ان کی رجسٹریشن لازمی ہوگی۔مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے اسلام آباد سمیت پورے ملک کے 133 اضلاع میں رجسٹریشن مراکز قائم کئے گئے ہیں، اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور گلگت میں صوبائی رابطہ آفیسرز ہوں گے، تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں ضلعی سطح پر افسران بھی متعین کردئیے گئے ہیں، پنجاب میں 35، سندھ میں 24 اور خیبر پختونخوا کے 31 اضلاع میں دفاتر اور رابطہ آفیسرز متعین کئے گئے ہیں، جب کہ بلوچستان میں 25، آزاد کشمیر میں 9 اور گلگت بلتستان میں 8 مراکز قائم کئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دینی مدارس کے مہتمم و ناظمین صوبائی یا ضلعی دفاتر سے رجسٹریشن فارم وصول کریں گے، تاہم کوئی بھی مہتمم براہ راست رجسٹریشن فارم کے حصول کے لئے نہیں آیا، کیوں کہ اتحاد تنظیمات مدارس کی جانب سے مدرسین و مہتمم حضرات کو کچھ انتظار کرنے کا پیغام بھجوایا گیا ہے، اتحاد تنظیمات مدارس وزارت تعلیم کے ساتھ مزید کچھ امور پر مشاورت چاہتی ہے، مکمل تحفظات کے خاتمے کے ساتھ ہی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔