تھر کوئلے پر سب سے پہلے بینظیر بھٹو نے کام شروع کیا، مراد علی شاہ
شیئر کریں
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر کے کوئلے پر سب سے پہلے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کام شروع کیا تھا۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہانگ کانگ کی کمپنی سے معاہدہ کیا تھا تا کہ مائننگ کر کے پاور پلانٹ لگا سکیں، لیکن ان کے بعد والی حکومت نے وہ معاہدہ ختم کر دیا اور ملک لوڈشیڈنگ کی نذر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تھر میں مائننگ کی اور سی پیک کے تحت 660 میگا واٹ کا پاور پلانٹ لگایا، یہ ملک کی سب سے بڑی پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ تھی اور ہے ، سندھ 60 فیصد گیس پیدا کرتا ہے ، تھر میں 88 بلین ٹن کے کوئلے کے ذخائر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ونڈ انرجی کے ذریعے 50000 میگاواٹ پوٹیشنل ہے اور اس وقت ہم 1100 میگا واٹ ونڈ انرجی کی پیداوار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پی پی پی یونٹ ایشیا میں چھٹے نمبر پر بیسٹ یونٹ ہے ، دریائے سندھ پر سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے 2 پل بنائے ہیں۔انہوںنے وفاق حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جب وفاق سے جناح ہسپتا ل، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ سندھ کو منتقل ہوئے تو ان کا بجٹ 700 ملین روپے تھا اور ہمارا بجٹ ان ہسپتا لوں کے لیے 13 بلین روپے ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے شعبہ صحت، روڈسیکٹر، تھر میں آر او پلانٹس، کاروبار کرنے میں آسانی کیلئے ون ونڈو آپریشن جیسے اہم اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے صو بہ سندھ سے متعلق بات کرتے ہوئے مزیدکہا کہ سندھ باب الاسلام ہے اور صوفیا کرام کی سرزمین ہے ، سندھ فطری طور پر صوفیا اکرام کی وجہ سے پرامن رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے کوئی دہشت گرد نہیں نکلا لیکن دہشت گرد یہاں لائے جاتے ہیں، ایک وقت تھا پورا ملک قتل و غارت ہو گیا تھا، ہر طرف افرا تفری، بم دھماکے ، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کے واقعات جاری تھے ۔پھر حکومت نے فیصلہ کیا کہ ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے ، پاک آرمی نے ضربِ عضب آپریشن شروع کیا ، پاکستان کی عوام کی مدد سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی اور ان کو ختم کیا۔اس دوران مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پورا ملک خاص طور پر سندھ پرامن ہے ۔