ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند ، حد نگاہ انتہائی کم
شیئر کریں
ملک کے بیشتر علاقے دھند کی لپیٹ میں رہے ، خانیوال سے ملتان موٹروے تک بند رہی، میدانی علاقوں میں کئی مقامات پر حد نگا انتہائی کم ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا، موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے ۔صبح کے وقت دھند کے باعث موٹروے ایم تھری کو لاہور سے سمندری تک بند کیا گیا، خانیوال سے ملتان موٹروے پر بھی حد نگاہ انتہائی کم رہی، پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور گوجرہ تک شاہراہ بند رہی۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔دھند کے باعث حافظ آباد، جہانیاں، ہارون آباد، میاں چنوں، چونیاں، جیکب آباد سمیت میدانی علاقوں میں راستے دھند میں گم رہے ، گاڑیاں رینگ رینگ کر چلتی رہیں،دوسری جانب دھند کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا،کراچی ایکسپریس ساڑھے پانچ،وی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس تین گھنٹے ،عوام ایکسپریس تین،فرید ایکسپریس تین،جعفر ایکسپریس دوگھنٹے ،خیبر میل،علامہ اقبال،اکبر، ہزارہ اور تیزگام ایکسپریس بھی تاخیر کا شکارہوئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ استور میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12، سکردو، کالام، منفی 08، ہنزہ منفی 07، قلات منفی 05، مالم جبہ، گلگت منفی 04، کوئٹہ منفی 02 اور مری میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 01، لاہور 6، فیصل آباد 3، ملتان 5، پشاور 3 اور کراچی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔