مکہ المکرمہ ،غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب
شیئر کریں
مکہ المکرمہ خالص سونے ، چاندی کے تاروں اور 670 کلو گرام خالص ریشم سے تیار کردہ غلاف کعبہ تبدیل کردیا گیا۔مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب ہوئی جس میں کلید بردار کعبہ، منتظمین، سعودی حکام اور غلاف ساز کسوہ فیکٹری کے ذمہ دار بھی شریک ہوئے ۔ غلاف کی تیاری میں 120 کلو خالص سونا، 100 کلو چاندی جبکہ 670 کلوگرام خالص ریشم استعمال کی گئی ، غلاف کعبہ کی تیاری پر تقریبا 70 لاکھ سعودی ریال لاگت آئی، غلاف کعبہ کی لمبائی50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ ہے ۔غلاف کعبہ کے 4 کونوں پر سورہ اخلاص منقش ہے اس کے علاوہ غلاف پر مختلف آیات قرآنی پر مشتمل 16 پٹیاں الگ سے جوڑی گئی ہیں، غلاف کعبہ میں قرآن پاک کی آیات کو سونے ، چاندی اور خالص ریشم سے تحریر کیا گیا ۔ غلاف کعبہ کو مکہ المکرمہ کی دارالکسوہ فیکٹری میں تیار کیا گیا۔سعودی عرب میں غلاف کعبہ کی تیاری کے امور کے لیے علیحدہ محکمہ اورام الجود بندرگاہ پر اس کا ایک خصوصی کارخانہ قائم ہے ، جس میں غلاف کعبہ کی جدید ترین تکنیک کے مطابق تیاری کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں، یوں ہر سال یہ کارخانہ بیت اللہ کا ایک نیا غلاف تیار کرتا ہے جسے 9 ذی الحجہ کو پورے تزک واحتشام کے ساتھ خانہ کعبہ کی زینت بنایا جاتا ہے ۔اللہ تعالی کے ذکر،طواف اور عبادتوں میں مصروف لاکھوں عازمین نے براہ راست غلاف کعبہ کو تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا جبکہ لاکھوں مسلمانوں نے براہ راست تقریب ٹیلی وژن اور انٹرنیٹ پر بھی دیکھی۔واضح رہے کہ خانہ کعبہ کو ہرسال 2 مرتبہ شعبان اور ذی الحجہ کے مہینے میں غسل دیا جاتا ہے ، اتارے جانے والے غلاف کعبہ کسوہ کو ٹکڑوں کی شکل میں بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سربراہان مملکت اور دیگرمعززین کو بطور تحفہ پیش کردیا جاتا ہے ، 1962 میں غلاف کعبہ کی تیاری کی سعادت پاکستان کے حصے میں بھی آئی تھی۔