سمندر میں طغیانی، کراچی کے کئی ساحلی گوٹھ زیرِ آب
شیئر کریں
سمندر میں طغیانی کے باعث کراچی کے کئی ساحلی گوٹھوں میں پانی آ گیا ، جبکہ جیٹیوں پر بھی دو دو فٹ پانی جمع ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تیز طوفانی ہوائوں کے باعث کراچی کے ساحلی علاقوں ابراہیم حیدری، ریڑھی گوٹھ میں پانی آ گیا۔علاقہ مکینوں کے مطابق لٹھ بستی، چشمہ گوٹھ، جت محلہ، سچ ڈنو محلے میں بھی سمندر کا پانی چڑھ آیا ۔ مقامی ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ جیٹیوں پر بھی دو فٹ پانی آ گیا ۔ٹھٹھہ کے علاقے کیٹی بندراور اس کے آس پاس کے جزائر بھی سمندری پانی میں ڈوب گئے ، حجامڑو کریک کے گوٹھ، اسحاق دبلو، غلام دبلو اور دیگر گوٹھ بھی متاثر ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والے سمندر طوفان جسے بھارت میں وایو کا نام دیا گیا ، اس کے اثرات پاکستان میں سندھ کے ساحلی علاقوں، بدین ، ٹھٹھہ کے ساتھ کراچی میں بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔طوفان کے باعث کراچی میں بارش تو نہ ہوئی البتہ گرم ہوا کے چلتی رہی، گرمی کے اثرات رات بھر شہر پر طاری رہے جس کی وجہ سے شہری بے حال رہے ۔ کراچی والوں کے لیے موسم بھی گرم ہی رہا ، سورج خوب دھوپ برسا تا رہا جبکہ شہر میں درجہ حرارت 42ڈگری تک ر ہا۔