سندھ بلڈنگ، پرانی عمارتوں کی چھتوں پر تعمیرات،عمارتوں کی سلامتی داؤ پر
شیئر کریں
پی ای سی ایچ ایس بلاک 2پلاٹ نمبر اے 231پرانی عمارت پر تیسری منزل کی تعمیر شروع
ڈائریکٹر نیاز لغاری کی نگرانی پر سوالات ،شہری تحفظ داؤ پر،خلافِ ضابطہ تعمیرات کا فروغ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع شرقی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں پرانی عمارت پر تیسری منزل کی تعمیر شروع کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، اضافی تعمیرات نے عمارت کی ساختی مضبوطی، شہریوں کے تحفظ اور تعمیراتی قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاک 2 کے پلاٹ نمبر اے 231 پر موجود پرانی عمارت پر مزید تیسری منزل کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ پرانی عمارت پر اضافی منزل کی تعمیر سے قبل عمارت کی ساختی حالت، منظور شدہ نقشے اور متعلقہ قوانین کے تحت اجازت ناموں کی جانچ پڑتال کیے جانے کی ضرورت ہے۔ علاقہ مکینوں اور ذرائع کی جانب سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ پرانی عمارتوں پر اضافی منزلوں کی تعمیر کے معاملات میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے نگرانی اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کو کس حد تک یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی بعض تعمیرات کے حوالے سے مبینہ طور پر خلافِ ضابطہ تعمیرات کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، جن کے تناظر میں متعلقہ افسران کی نگرانی اور کارروائی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے گئے ۔ موجودہ معاملے میں بھی متعلقہ ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نیاز لغاری کی نگرانی کے حوالے سے سوالات سامنے آئے ہیں۔
اہم سوال یہ ہے کہ آیا مذکورہ عمارت پر تیسری منزل کی تعمیر کے لیے قانونی اجازت حاصل کی گئی، منظور شدہ نقشے کے مطابق تعمیر ہو رہی ہے اور عمارت اضافی منزل کا بوجھ برداشت کرنے کی مجاز ہے یا نہیں۔ ان نکات کی وضاحت متعلقہ ادارے کے ریکارڈ اور افسران کے موقف سے ہی ممکن ہوگی۔جرأت کی جانب سے متعلقہ ڈائریکٹر نیاز لغاری سے موقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم خبر کی اشاعت تک ان کا موقف موصول نہیں ہو سکا۔ ان کا موقف موصول ہونے پر اسے شاملِ اشاعت کیا جائے گا۔


