زلزلے کے جھٹکے ، عمران خان نے اجلاس جاری رکھا
شیئر کریں
وزیر اعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم عمران خان نے اجلاس چھوڑ کر باہر جانے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس جاری تھا کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس پر پارٹی رہنما نشستوں سے اٹھ گئے ۔ اس دوران وزیر اعظم کے سیکیورٹی اہلکار بریفنگ روم میں داخل ہوگئے اور انہیں باہر آنے کی درخواست کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کمرے سے باہر جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جاؤں گا وہاں بھی زلزلہ ہی ہوگا، اب زلزلہ آرہا ہے تو کیا کر سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے زلزلے کے دوران بھی اجلاس جاری رکھا اور وزیر اعظم کو نشست پر براجمان دیکھ کر وزرا بھی دوبارہ نشستوں پربیٹھ گئے ۔ وزیر اعظم نے اجلاس میں معاشی اور توانائی کی پالیسی سے آگاہ کیا جب کہ وزراء نے پارٹی رہنماؤں کو توانائی، گیس اور معاشی معاملات پر بریفنگ دی۔