مجھ سے شادی کروگی؟عمران خان، بشری مانیکا نے ہاں کے لئے وقت مانگ لیا
شیئر کریں
اسلام آباد(بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ترجمان نے ایک وضاحتی بیان میں بتایا ہے کہ پارٹی کے چیئرمین نے بشری مانیکا نامی خاتون کو شادی کا پیغام دیا ہے اور وہ ان کے جواب کے منتظر ہیں۔عمران خان کے ترجمان کی جانب سے اتوار کی صبح جاری تحریری بیان میں شادی کو ان کا نجی اور ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر مس مانیکا ان کی شادی کی پیشکش کو قبول کرتی ہیں تو مسٹر خان باقاعدہ طور پر عوام کو اس سے آگاہ کریں گے، تب تک ہم میڈیا سے التماس کرتے ہیں کہ وہ دونوں خاندانوں خاص طور پر بچوں کو وقت دیں۔بیان میں انگریزی اخبار کی خبر پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے اسے قیاس آرائی قرار دیا گیا ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس خبر میں عمران خان کی ذاتی زندگی اور ایک ایسی خاتون کا ذکر کیا گیا جن کی لائف پبلک نہیں ہے۔بیان میں یہ تصدیق کی گئی ہے کہ بشری مانیکا کو عمران خان نے شادی کا پیغام دیا ہے اور بشری مانیکا نے اپنے خاندان اور بچوں سے مشاورت اور حتمی فیصلے کے لیے ان سے وقت مانگا ہے۔عمران خان کے ترجمان کے مطابق میڈیا کی جانب سے اس خبر نے عمران خان اور بشری مانیکا کے بچوں پر ناقابلِ برداشت بوجھ ڈالا ہے۔ یہ بیان ریکارڈ کی درستگی کے لیے دیا جارہا ہے، جب کہ اس انتہائی حساس اور ذاتی معاملے کو غلط سلط خبروں کی زینت بنانا انتہائی افسوس کی بات ہے، کیونکہ اس کی وجہ سے عوام میں افواہوں اور قیاس آرائیوں نے جنم لیا۔اس موقع پر تحریک انصاف نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ دونوں خاندانوں کی نجی زندگی کا خیال رکھیں۔دوسری جانب شادی کی خبر بریک کرنے والے صحافی عمر چیمہ نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ میں اپنی خبر پر اب بھی قائم ہوں ،شادی ہو چکی ہے ،اب اس معاملے کو عوام کے سامنے لانے کے لیے ایک طریقہ اختیار کیا گیا ۔یہی طریقہ ریحام کی شادی کے وقت بھی اختیار کیا گیا تھا۔تب بھی پہلے شادی کی تردید کی گئی اور پھر ایک تقریب کا انعقاد کر کے معاملہ پبلک کیا گیا تھا ۔بعد میں ریحام نے خود بھی اعتراف کر لیا تھا کہ تقریب سے پہلے ہی شادی ہو چکی تھی۔اب بھی ویسا ہی کیا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ شادی کے نکاح خواں مفتی سعید کی خاموشی میری خبر کے سچ ہونے کی تصدیق ہے ،عمر ان خان نے گزشتہ روز جواب گول کیوں کیا ،وہ خود بھی تردید کر سکتے تھے ۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما کی تیسری شادی کی افواہ پہلی بار سامنے نہیں آئی، اس سے پہلے بھی اس قسم کی خبروں کی تردید کی جا چکی ہے۔عمران خان کی دوسری شادی اینکر پرسن ریحام خان سے 2014 میں ہوئی تھی۔ اگرچہ یہ شادی کچھ ہی عرصہ چل سکی تاہم اس وقت بھی ابتدا میں ان کی شادی کے بارے میں خبروں کی تصدیق کرنے سے گریز کیا گیا تھا۔عمران خان نے دوسری شادی اینکر پرسن ریحام خان سے 2014 میں کی تھی تاہم یہ شادی ناکام ثابت ہوئی۔عمران خان کے دوسرے نکاح کی خبریں اس وقت سامنے آئی تھیں جب پشاور پبلک ا سکول پر حملے کے بعد ملک میں سوگ منایا جا رہا تھا اور قوم صدمے سے گزر رہی تھی۔ عمران کی دوسری شادی کی تاریخ پر ایک عرصے تک بحث جاری رہی اور اس بارے میں متضاد دعوے کیے جاتے رہے۔ ریحام خان اور عمران خان کے درمیان علیحدگی کے وقت بھی اس طرح کی صورت دیکھنے میں آئی۔خیال رہے کہ پاکستانی میڈیا پر چلنے والی اس خبر میں یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ عمران خان کا اینکر پرسن ریحام خان سے نکاح کروانے والے مفتی سعید نے ہی اس بار بھی ان کے نکاح پڑھانے کا فریضہ سرانجام دیا ہے جبکہ عمرچیمہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ریحام سے شادی کی بھی پہلے تردید کی تھی، اب بشریٰ مانیکا سے شادی ہونے کے باوجود وہ چھپارہے ہیں۔