مثبت رویے کے باوجود افغانستان سے سرحد پار دہشتگردی جاری ہے، آرمی چیف
شیئر کریں
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں امن و امان کے قیام کے لیے ہمیشہ کوششیں کی، لیکن ہمارے مثبت رویے کے باوجود افغانستان سے سرحد پار دہشت گردی جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف نے ملاقات کی۔ جس میں خطے کی سیکورٹی صورتحال اور بالخصوص افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات چیت اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مثبت کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے لیے بھی ضروری ہے اسی لیے پاکستان نے افغانستان میں امن و امان کے قیام کے لیے ہمیشہ کوشش کی جو آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ امریکا کی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے پاکستان کے 2 روزہ دورہ کے دوران راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، انٹر سروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔ جمعرات کو امریکی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ووٹل کی ملاقاتیں ٹرمپ انتظامیہ کی جنوبی ایشیاء پالیسی کے مقاصد کے حصول کی جانب پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ اعلیٰ سطح کے امریکی رابطے کا تسلسل ہیں۔ جنرل ووٹل نے بہتر پاک۔افغان تعلقات کی اہمیت پر بات چیت کی۔ جنرل ووٹل نے پاکستان کے اس کردار کی اہمیت اجاگر کی جو وہ افغانستان میں امن عمل میں سہولت فراہم کرنے اور خطہ میں استحکام و سلامتی لانے کے لیے ادا کر سکتا ہے۔