ہالی ووڈ میں کام کرنے کیلئے کبھی بھی بھارتی فلم انڈسٹری نہیں چھوڑ سکتی، ایشوریا رائے
شیئر کریں
بالی ووڈ کی دلکش اداکارہ ایشوریا رائے نے کہا ہے کہ وہ ہالی ووڈ میں کام کرنے کیلئے کبھی بھی بھارتی فلم انڈسٹری نہیں چھوڑ سکتیں ۔بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار اور اداکاراؤں کی بالی ووڈ کے بعد اگلی منزل ہالی ووڈ ہوتی ہے جس کی مثال دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا ہیں جنہوں نے بالی ووڈ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہالی ووڈ میں اپنا سکہ جمایا تاہم سابق ملکہ حسن اور نامور اداکارہ ایشوریا رائے کی سوچ مختلف ہے ان کا کہنا ہے کہ وہ ہالی ووڈ میں کام کرنے کیلئے کبھی بھی بالی ووڈ کو نہیں چھوڑیں گی۔ایک انٹرویو کے دوران ایشوریا رائے نے اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بالی ووڈ فلموں میں کام کرنا بہت پسند ہے، یہاں کے ہدایت کاراور پروڈیوسرز بہت پروفیشنل ہیں جو اپنے کام کو بہتر طریقے سے کرنا جانتے ہیں جبکہ ہالی ووڈ بھارتی فلم انڈسٹری سے بالکل مختلف ہے،ہالی ووڈ کی زبان کے ساتھ ان کا کلچر بھی ہم سے بہت الگ ہے لہٰذا وہاں کام کرنے میں وہ مزہ نہیں جو بالی ووڈ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈائریکٹرز جانتے ہیں کہ کس اداکار سے کس طرح کام لینا ہے میں نے گزشتہ سال فلم ’’سربجیت‘‘ اور ’’اے دل ہے مشکل‘‘ جیسی فلموں میں کام کیا، یہ فلمیں سائن کرنے سے قبل بہت سے لوگوں نے مجھے کہا تھا کہ میں یہ کردار نہ کروں تاہم میں نے ہدایت کار کے مشورے پر عمل کیا جس کے بہت اچھے نتائج سامنے آئے لوگوں نے نہ صرف مجھے ان کرداروں میں قبول کیا بلکہ میرے کام کو بہت پسند بھی کیا، لہٰذا میں اتنی پروفیشنل انڈسٹری کو چھوڑ کر ہالی ووڈ کیوں جاؤں ؟