مسٹر یوٹرن کے حضور تاریخ کا سلام!
شیئر کریں
بلاول بھٹو اپنے سائے کو پہچان نہ سکے، وہ خود سے ہی نبرد آزما ہو گئے، ان کے بالمقابل کوئی اور نہیں خود بلاول کھڑے تھے۔ جب ‘سلیکٹڈ’، سیاسی قیدی بن گیا، آئینی عدالت متنازع ہوگئی۔ مولانا فضل الرحمان کی محبت میں سینے سے دودھ اُبلنے لگا۔ کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے سندھ کی تقسیم کے خوف نے بلاول بھٹو کے جمہوری اصولوں کو اچانک بیدار کر دیا، محترم بلاول بھٹو صاحب! اسے یوٹرن کہتے ہیں۔
یہ پیپلزپارٹی کی سیاست ہے، جہاں اُصول کا استعمال بھی اُصولی نہیں ہوتا، پاکستان کی سیاست میں یوں بھی اصول کبھی مرتے نہیں۔ بس وہ صرف مناسب وقت کے انتظار میں طویل نیند سو جاتے ہیں۔ کبھی انہیں وزارت جگا تی ہے، کبھی صدارت، کبھی آئینی ترمیم، اور کبھی نئے صوبوں کے ریفرنڈم کی ایک تجویز۔ 17نومبر کو کراچی پریس کلب میں بلاول بھٹو زرداری کو سن کر محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی جمہوریت کے سوئے ہوئے ضمیر کو کسی نے اچانک جھنجھوڑ دیا ہے۔ فرمایا، نظام ناکام نہیں ہوا، اسے ناکام بنایا گیا ہے۔ کیا خوب دریافت ہے! قوم کو برسوں سے شک تھا کہ نظام کے ساتھ کچھ گڑبڑ ضرور ہے۔ مگر اب ایک ایسے رہنما نے تصدیق کر دی جو اس نظام کی تعمیر و مرمت کے متعدد اہم مراحل میں خود شریک رہے ہیں۔ یہ تقریباً ایسا ہی منظر ہے جیسے کسی عمارت کے نقشے کی منظوری دینے والا، تعمیراتی فیصلوں میں شریک رہنے والا اور افتتاحی تقریب میں فیتہ کاٹنے والا شخص اچانک اعلان کرے کہ عمارت کی بنیادیں کمزور ہیں۔ اور پھر بڑے دکھ سے پوچھے کہ آخر یہ عمارت کس نے بنائی؟ بلاول نے یہ اعتراف بھی کیا کہ نظام کی خرابی میں ان کا اپنا حصہ ہے۔ یہ اعتراف خوش آئند ہے۔ بس ایک چھوٹی سی درخواست باقی ہے، حصہ کتنا تھا؟ اتنا کہ اسے تقریر میں ایک جملے سے نمٹا دیا جائے، یا اتنا کہ اس پر ایک پوری پارلیمانی تحقیق ہونی چاہیے؟ پاکستانی سیاست میں اعتراف کی بھی اپنی تہذیب ہے۔ یہاں غلطی کا اعتراف اکثر اس انداز میں کیا جاتا ہے کہ ذمہ داری سب کی نکلتی ہے، مگر حساب کسی کا نہیں بنتا۔ بلاول کی تقریر نے اس روایت کو نئی زندگی دی ہے۔
پاکستان کی سیاست میں کنوارے سیاست دان بلاول بھٹو کی تقریر سے سلیکٹڈ کی واپسی بھی ہوئی ہے، مگر اس بار یہ ‘سیاسی قیدی’ کے روپ میں ہے۔ ایک زمانہ تھا جب بلاول قومی اسمبلی میں عمران خان کو ‘‘سلیکٹڈ’’ کہتے تھے ۔ یہ لفظ اتنی محبت سے دہرایا جاتا تھا کہ بعض اوقات محسوس ہوتا تھا جیسے عمران خان کا نام ہی بدل گیا ہو۔ پھر ‘‘لاڈلا’’ کی اصطلاح آئی۔ اقتدار کی سرپرستی، غیر منتخب قوتوں کی مداخلت اور جمہوری مینڈیٹ کی حرمت پر طویل خطبات ہوئے۔ یہ سب، تب ‘اصولی باتیں ’’ تھیں۔ پھر اپریل 2022 آیا۔ عمران خان رخصت ہوئے، نئی حکومت آئی، وزارتیں تقسیم ہوئیں، بلاول وزیر خارجہ بنے۔ سیاست کے موسم نے کروٹ لی اور‘‘ اصولوں’’ کی لغت میں بھی نئے صفحات شامل ہوگئے ۔ 2024 میں حکومت کی تشکیل کا ایک اور مرحلہ آیا۔ پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی حمایت کی، آصف علی زرداری صدر بنے اور آئینی ترامیم کا سلسلہ آگے بڑھا۔ اب بلاول فرما رہے ہیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں، تحریک انصاف کی مخصوص نشستیں واپس ہونی چاہئیں اور سیاسی انتقام ختم ہونا چاہیے۔ عمران خان کے سیاسی حقوق کے بارے میں یہ مؤقف خوش آئند ہے۔ بس حیرت یہ ہے کہ جمہوری اصولوں کی یہ یادداشت اس قدر تاخیر سے کیوں بحال ہوئی؟ کیا جمہوریت کا کیلنڈر بھی حکومت اور اپوزیشن کے حساب سے چلتا ہے؟
کبھی بلاول اور ان کی جماعت عمران خان کے یوٹرن پر طنز کیا کرتے تھے۔ سیاسی مؤقف بدلنا گویا ایک ایسا عیب تھا جو صرف تحریک انصاف کی قیادت میں پایا جاتا تھا۔ اور یہ کوئی ایسا کپڑا تھا جو کبھی پیپلزپارٹی کے کسی رہنما نے پہنا ہی نہ ہو، یہ اُس بیٹے کے منہ سے جاری ہونے والا طنز تھا، جس کاباپ کہا کرتا ہے کہ معاہدے کوئی قرآن اور حدیث نہیں ہوتے۔ پاکستانی سیاست میں یوٹرن کی سہولت کسی ایک جماعت کی جاگیر کب رہی ہے۔ چھبیسویں ترمیم آئی تو اسے پارلیمانی کامیابی بتایا گیا۔ ستائیسویں ترمیم آئی تو اس کی حمایت کی گئی، اس کے حق میں دلائل دیے گئے، پارلیمان کے اختیار کا دفاع کیا گیا۔ اب ایک سال بعد معلوم ہوا کہ ستائیسویں ترمیم کی منظوری کی آگ میں اتفاق رائے کی آنچ نہیں تھی۔ یہ اعتراض اپنی جگہ درست ہو سکتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ یہ کمی منظوری کے وقت کہاں چھپی ہوئی تھی؟ کیا عددی اکثریت راتوں رات پیدا ہوئی تھی؟ کیا ترمیم کا متن ووٹنگ کے بعد ظاہر ہوا تھا؟ کیا سیاسی مذاکرات کے دوران کسی نے یہ نہیں بتایا تھا کہ پارلیمان میں کس جماعت کے کتنے ووٹ ہیں؟ یا پھر اس وقت عددی اکثریت جمہوری طاقت تھی اور آج وہی عددی اکثریت جمہوری کمزوری بن گئی ہے؟ پاکستانی سیاست کا یہ بھی ایک منفرد حسن ہے کہ یہاں ایک ہی چیز کبھی اصول ہوتی ہے، کبھی مجبوری، کبھی قومی ضرورت اور کبھی جمہوری بحران۔ فرق صرف وقت کا ہوتا ہے۔ یہاں ہم بلاول بھٹو کو کراچی پریس کلب کی دہلیز پر مسٹر یو ٹرن کے طور پر تاریخ کا ایک سلام تو ٹھوک ہی سکتے ہیں۔ کیوں؟
مسٹر یوٹرن یہاں خود بھی ایک آئینی عدالت سے ملاقات کرتے ہیں۔ یہ ان کی اپنی ایجاد سے نئی ملاقات ہے، کبھی اسے قائم کرانے کے لیے ستائیسویں ترمیم کی حمایت میں یہ پارلیمنٹ میں کیٹ واک کرتے دکھائی پڑتے تھے، کبھی یہاں، کبھی وہاں۔ پھر اس ترمیم سے جمہوریت کی روح کے مرنے کا سوال اُٹھانے والے باضمیر صحافی کو اپنی لہکتی بہکتی آواز میں مخاطب کیا تھا، مطیع اللہ جان، آپ کیسے ہیں؟ تب کامیابی کی لالی اُن کے ہونٹوں پر دکھائی پڑتی تھی۔ جہاں مفادات ہوں، وہاں آوازہی نہیں حالت بھی پتلی رہتی ہے۔ مسٹر یوٹرن نے جس ستائیسویں ترمیم کے لیے عددی برتری اور اتفاق رائے کا کھڑاگ اٹھایا ہے، اُسی ستائیسویں ترمیم نے صدر پاکستان کے لیے تاحیات فوجداری استثنیٰ بھی متعارف کرایا تھا۔ اور صدر پاکستان کون ہیں؟ آصف علی زرداری۔ کبھی اس کی حمایت اوراب اس کے جواز پر سوال اُٹھاتے ہوئے پوت ، سپوت رہے یا کپوت، یہ تو معلوم نہیں مگر یوٹرن ضرور دکھائی دیے،
مسٹر یوٹرن کو اپنے سائے اور ایک سوال کے ساتھ کراچی پریس کلب میں ہی دوبدو چھوڑ جاتے ہیں کہ عام شہری تو عدالت کے سامنے جواب دہ ہے مگر صدر کو غیر معمولی آئینی تحفظ حاصل ہے۔ بلاول سیاسی ری سیٹ چاہتے ہیں، تو کیا اس ری سیٹ میں صدارتی استثنیٰ بھی شامل ہوگا؟ یا ری سیٹ کی مشین میں کچھ عہدوں کے لیے مستقل حفاظتی بٹن لگا ہوا ہے؟ کالم کا ورق نبڑ گیا، کل مسٹر یوٹرن سے دوبارہ یہیں پر ملیں گے۔
٭٭٭


