میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ کا تعمیراتی ‘‘سسٹم’’۔۔۔ قانون کے اندر لاقانونیت کی متوازی معیشت

سندھ کا تعمیراتی ‘‘سسٹم’’۔۔۔ قانون کے اندر لاقانونیت کی متوازی معیشت

جرات ڈیسک
هفته, ۲۸ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

باسط علی
۔۔۔۔۔

٭حادثے کے بعد افسران کی معطلی اور اعلیٰ انتظامی عہدوں پر تبدیلیاں اپنی جگہ، لیکن یہ اقدامات اس معاشی اور انتظامی بندوبست کی تحقیقات کا متبادل نہیں ہوسکتے جس کے تحت ایسی تعمیرات ممکن ہوتی ہیں

٭سسٹم سے مراد محض چند سرکاری افسران کی رشوت خوری نہیں بلکہ ایک ایسا نیٹ ورک ہے جس میں سرکاری اختیارات، حساس عہدوں پر تعیناتیاں، نجی کاروباری مفادات اور قانون کا منتخب نفاذ باہم پیوست ہیں

٭عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کرنا کسی شہری کا قانونی حق ہے ، لیکن کسی حکم کا دائرہ اس کے اصل متن سے متعین ہوتا ہے ۔ مسماری کے خلاف عارضی تحفظ لازماً مزید غیرقانونی تعمیرات جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوتا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی میں غیرقانونی تعمیرات کے مسئلے کو سمجھنے کے لیے یہ دیکھنا کافی نہیں کہ کس رہائشی پلاٹ پر کتنی اضافی منزلیں تعمیر ہوئیں اور متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر نے اپنی ذمہ داری کیوں ادا نہیں کی۔ اصل سوال یہ ہے کہ تعمیراتی خلاف ورزیوں کا یہ سلسلہ کئی برسوں سے جاری رہنے کے باوجود اس کے معاشی مفادات اور انتظامی سرپرستی کے ممکنہ ذرائع کیوں ختم نہیں کیے جاسکے ؟

کراچی ایڈمن سوسائٹی میں چھ سو مربع گز کے رہائشی پلاٹ پر منظور شدہ گراؤنڈ پلس ون نقشے کے برخلاف زیر تعمیر کثیرالمنزلہ عمارت کا انہدام اس مسئلے کی تازہ ترین مثال ہے ۔ متعلقہ اداروں کو خلاف ورزیوں کا علم تھا، نوٹس جاری کیے گئے تھے اور عدالتی حکمِ امتناع حاصل کیے جانے کے باوجود تعمیراتی سرگرمیاں جاری رہی تھیں۔حادثے کے بعد افسران کی معطلی اور اعلیٰ انتظامی عہدوں پر تبدیلیاں اپنی جگہ، لیکن یہ اقدامات اس معاشی اور انتظامی بندوبست کی تحقیقات کا متبادل نہیں ہوسکتے جس کے تحت ایسی تعمیرات ممکن ہوتی ہیں۔
سندھ میں اس مبینہ متوازی بندوبست کو عرف عام میں ‘‘سسٹم’’ کہا جاتا ہے ۔ اس اصطلاح سے مراد محض چند سرکاری افسران کی رشوت خوری نہیں بلکہ ایک ایسا ممکنہ نیٹ ورک ہے جس میں سرکاری اختیارات، حساس عہدوں پر تعیناتیاں، نجی کاروباری مفادات اور قانون کا منتخب نفاذ ایک دوسرے سے وابستہ ہوجاتے ہیں۔اس نظام کی تحقیقات کا آغاز اس بنیادی اصول سے ہونا چاہیے کہ غیرقانونی تعمیرات کا کاروبار صرف اس وقت تک برقرار رہ سکتا ہے جب تک قانون کی خلاف ورزی سے حاصل ہونے والا متوقع فائدہ، اس خلاف ورزی پر ممکنہ سزا اور مالی نقصان سے زیادہ ہو۔کراچی میں تعمیراتی قانون کے نفاذ کا موجودہ ریکارڈ اس معاشی توازن کو تبدیل کرنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے ۔

چھ سو گز کے پلاٹ کی سیاسی معیشت
رہائشی پلاٹ پر اضافی منزلیں تعمیر کرنے کی سب سے بڑی معاشی ترغیب یہ ہے کہ اضافی زمین خریدے بغیر قابل فروخت رقبہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے ۔ زمین کی قیمت ایک مرتبہ ادا کی جاتی ہے ، مگر اس پر تعمیر ہونے والی ہر اضافی منزل سے نئی آمدن پیدا ہونے کا امکان ہوتا ہے ۔
کراچی ایڈمن سوسائٹی کی منہدم عمارت کے حقیقی مالی حسابات دستیاب نہیں، تاہم ایک فرضی مثال سے اضافی تعمیرات کی معاشی کشش کو سمجھا جاسکتا ہے ۔
چھ سو مربع گز کا پلاٹ 5,400مربع فٹ پر مشتمل ہوتا ہے ۔ اگر اس کے 70فیصد رقبے کو قابل فروخت تعمیراتی رقبہ تصور کیا جائے تو ہر اضافی منزل سے 3,780مربع فٹ رقبہ پیدا ہوگا۔ پانچ اضافی منزلوں کی صورت میں یہ رقبہ 18,900مربع فٹ تک پہنچ جائے گا۔
اگر فروخت کی فرضی قیمت 18ہزار روپے فی مربع فٹ اور تعمیراتی لاگت ساڑھے چھ ہزار روپے فی مربع فٹ تصور کی جائے تو اضافی تعمیرات کی مجموعی فروخت تقریباً 34کروڑ روپے اور مفروضہ تعمیراتی لاگت تقریباً 12کروڑ 28لاکھ روپے بنتی ہے ۔ دونوں کے درمیان تقریباً 21کروڑ 74لاکھ روپے کا فرق پیدا ہوتا ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

   اضافی منزلوں کی فرضی معاشی قدر

اضافی منزلیں                           قابل فروخت رقبہ          مجموعی فروخت                        تعمیراتی لاگت منہا کرنے کے بعد فرق
۔۔۔۔۔۔۔۔                                           ۔۔۔۔۔۔۔۔                            ۔۔۔۔۔۔۔                                                    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک                                         3,780 مربع فٹ           6.80 کروڑ                                             4.35 کروڑ
تین                                           11,340 مربع فٹ         20.41 کروڑ                                           13.04 کروڑ
پانچ                                         18,900 مربع فٹ         34.02 کروڑ                                           21.74 کروڑ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ محض ایک توضیحی معاشی مثال ہے ، کسی مخصوص منصوبے کی مصدقہ فروخت، خالص منافع یا رشوت کی رقم نہیں۔ اس میں زمین، مشترکہ جگہوں، مالیاتی اخراجات، ٹیکس، قانونی فیس اور دیگر اخراجات کا مکمل حساب شامل نہیں۔تاہم اس مثال سے اندازہ ہوتا ہے کہ کسی اضافی منزل کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا اختیار بھی کتنی بڑی مالی قدر اختیار کرسکتا ہے ۔جب کسی سرکاری فیصلے یا عدم کارروائی سے نجی کاروبار کو کروڑوں روپے کا ممکنہ فائدہ پہنچ سکتا ہو تو اس اختیار کے ناجائز استعمال کو روکنے کے لیے غیرمعمولی شفافیت اور احتساب کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اگر یہ دونوں موجود نہ ہوں تو تعمیراتی قانون کی خلاف ورزی ایک اتفاقی بے ضابطگی کے بجائے منافع بخش کاروباری حکمت عملی بن سکتی ہے ۔

جب قانون ہی مالی مفاد کا ذریعہ بن جائے
تعمیراتی ادارے کے پاس نقشے کی منظوری، تعمیراتی معائنے ، خلاف ورزی پر نوٹس، سیلنگ، مسماری اور تکمیلی سرٹیفکیٹ سے متعلق مختلف اختیارات ہوتے ہیں۔ یہ تمام اختیارات شہریوں کے تحفظ اور منصوبہ بندی کے لیے وضع کیے گئے ہیں۔لیکن اگر ان کے استعمال کا شفاف ریکارڈ موجود نہ ہو تو ہر اختیار ایک ممکنہ مالی مفاد میں تبدیل ہوسکتا ہے ۔غیرقانونی تعمیرات سے وابستہ مبینہ بدعنوانی کا زیادہ خطرناک پہلو یہ ہے کہ اس میں صرف خلاف ورزی سے چشم پوشی ہی مالی فائدے کا ذریعہ نہیں بنتی بلکہ خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کا اختیار بھی بعض صورتوں میں ناجائز مالی دباؤ پیدا کرنے کے لیے استعمال ہوسکتا ہے ۔ اس طرح قانون کی خلاف ورزی کرنے والا اور قانون نافذ کرنے کا اختیار رکھنے والا ایک غیررسمی کاروباری تعلق میں داخل ہوسکتے ہیں۔ ایک فریق اضافی تعمیراتی رقبے سے فائدہ حاصل کرتا ہے ، جبکہ دوسرے فریق کے پاس اس فائدے کو روکنے یا جاری رہنے دینے کا اختیار ہوتا ہے ۔یہی وہ مقام ہے جہاں قانون کی موجودگی بھی بدعنوانی کے خاتمے کی ضمانت نہیں رہتی۔ قانون کا منتخب اور غیرشفاف نفاذ خود بدعنوانی کی معاشی بنیاد بن سکتا ہے ۔ایسی صورت میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر مہمات بھی آزادانہ جانچ کی محتاج ہوجاتی ہیں۔ کتنی عمارتیں واقعی مسمار ہوئیں، کتنی جزوی کارروائی کے بعد دوبارہ تعمیر ہوئیں، کن منصوبوں کو سیل کیا گیا اور کن کے خلاف کارروائی روک دی گئی، ان تمام فیصلوں کا دستاویزی جائزہ ضروری ہے ۔اگر حکومت صرف مسماریوں کی تعداد بتائے لیکن متعلقہ عمارتوں کے پلاٹ نمبر، قانونی حیثیت، کارروائی سے پہلے اور بعد کی تصاویر اور موجودہ صورت حال سامنے نہ لائے تو اس مہم کی حقیقی افادیت کا تعین ممکن نہیں۔

‘‘پٹہ سسٹم’’۔۔ وزیراعلیٰ کی اپنی انسپیکشن ٹیم کی نشاندہی
5 ؍دسمبر 2024ء کو شائع ہونے والی وزیراعلیٰ انسپیکشن ٹیم سے متعلق رپورٹ سندھ کے تعمیراتی ادارے میں مبینہ منظم بدعنوانی کی تحقیقات کا ایک بنیادی حوالہ ہے ۔اس رپورٹ میں ضلع وسطی کے مبینہ ‘‘پٹہ سسٹم’’ اور ایس بی سی اے کے دو افسران، سجاد خان اور اویس حسین، کے حوالے سے منظم بدعنوانی کے نیٹ ورک میں مبینہ شمولیت کا ذکر کیا گیا تھا۔رپورٹ کی غیرمعمولی اہمیت اس امر میں تھی کہ متعلقہ افسران کے خلاف 2020ء میں کارروائی کی ہدایات کے باوجود 2024ء میں ان کے بدستور کام کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔اس دستاویزی حوالے سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا کہ کسی مخصوص افسر کے خلاف تمام الزامات ثابت ہوچکے ہیں، لیکن یہ ضرور معلوم ہوتا ہے کہ تعمیراتی ادارے کے اندر منظم بدعنوانی کے خدشات صوبائی حکومت کے اپنے انتظامی ریکارڈ تک پہنچ چکے تھے ۔اس کے بعد اصل تحقیقات کا موضوع صرف مبینہ رشوت وصول کرنے والے افراد نہیں رہنے چاہئیں۔ یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ کارروائی کی ہدایات پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا، متعلقہ افسران کی انتظامی حیثیت کس بنیاد پر برقرار رہی اور انکوائریوں کے نتائج کا تعیناتیوں پر کیا اثر پڑا۔
کسی منظم نیٹ ورک کی طاقت اس کے کسی ایک رکن کے عہدے میں نہیں بلکہ اس صلاحیت میں ہوتی ہے کہ وہ اپنے خلاف ہونے والی کارروائی کو غیرمؤثر بنا سکے ۔اگر کسی افسر کے خلاف سنگین الزامات کی تحقیقات جاری ہوں اور اس کے باوجود اسے تعمیراتی نگرانی یا مسماری کے اختیارات حاصل رہیں تو اس فیصلے کی ذمہ داری محض متعلقہ افسر پر نہیں بلکہ تعیناتی کرنے والی انتظامی اتھارٹی پر بھی عائد ہوتی ہے ۔

حساس عہدوں پر تعیناتیوں کی معاشی قدر
تعمیراتی ادارے میں تمام انتظامی علاقوں کی معاشی اہمیت یکساں نہیں ہوتی۔ بعض علاقوں میں زمین کی قیمت، تعمیراتی سرگرمیوں اور فلیٹس کی فروخت کا حجم زیادہ ہوتا ہے ۔ ایسے علاقوں میں تعمیراتی اجازت ناموں، معائنوں اور خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی سے متعلق اختیارات بھی زیادہ مالی اثرات رکھتے ہیں۔اس لیے مبینہ تعمیراتی سسٹم کی تحقیقات میں افسران کی تقرریوں اور تبادلوں کا ریکارڈ بنیادی اہمیت رکھتا ہے ۔

تعمیراتی قوانین کے نفاذ کا ذمہ دار ادارہ؛ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کی مؤثریت آزادانہ جانچ کی متقاضی ہے

کسی افسر کو حساس علاقے میں تعینات کرنے کا معیار کیا تھا؟ کیا اس کی سابقہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا؟ اس کے خلاف کتنی شکایات یا محکمانہ تحقیقات موجود تھیں؟ ایک ہی افسر کو بار بار مخصوص علاقے میں تعینات کرنے کی انتظامی ضرورت کیا تھی؟ اور ان تمام فیصلوں کی منظوری کس سطح پر دی گئی؟اگر تعیناتیوں کا نظام کارکردگی، اہلیت اور دیانت کے بجائے غیررسمی اثرورسوخ کے تحت چلنے لگے تو اس کے نتائج صرف ایک افسر کی بدعنوانی تک محدود نہیں رہتے ۔ پورے ادارے میں یہ پیغام جاتا ہے کہ پیشہ ورانہ کارکردگی سے زیادہ اہمیت غیررسمی تعلقات کی ہے ۔اس کے برعکس ایک دیانت دار افسر، جو غیرقانونی تعمیرات کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا چاہتا ہو، ایسے انتظامی ماحول میں خود دباؤ کا شکار ہوسکتا ہے ۔اس پہلو کی تحقیق کے لیے صرف معطل افسران کی فہرست کافی نہیں۔ ان افسران کا ریکارڈ بھی دیکھا جانا چاہیے جنہوں نے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی، اور بعد ازاں ان کے تبادلے ، اختیارات میں تبدیلی یا محکمانہ مشکلات کا معاملہ سامنے آیا۔ایسا ریکارڈ دستیاب ہونے کی صورت میں معلوم ہوسکتا ہے کہ ادارے میں قانونی عمل کی حوصلہ افزائی کی جاتی رہی یا اسے غیرمؤثر بنانے والے انتظامی عوامل زیادہ طاقتور رہے ۔

عدالتی حکمِ امتناع: قانونی تحفظ یا کاروباری ڈھال؟
کراچی ایڈمن سوسائٹی کے سانحے میں متعلقہ اداروں کی جانب سے عدالتی حکمِ امتناع کا حوالہ دیا جارہا ہے ۔عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کرنا کسی شہری کا قانونی حق ہے ، لیکن کسی حکم کا دائرہ اس کے اصل متن سے متعین ہوتا ہے ۔ مسماری کے خلاف عارضی تحفظ لازماً مزید غیرقانونی تعمیرات جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوتا۔اس معاملے میں اصل حکمِ امتناع کی مصدقہ نقل سامنے لانا ناگزیر ہے ۔ معلوم کیا جائے کہ حکم کس عدالت نے ، کس تاریخ کو، کس درخواست پر اور کن شرائط کے تحت جاری کیا تھا۔ حکم کے وقت عمارت کتنی منزلہ تھی اور اس کے
بعد مزید کتنی تعمیرات ہوئیں؟اس سے بھی زیادہ اہم سوال ایس بی سی اے کے قانونی شعبے کی کارکردگی کا ہے ۔ کیا عدالت کو منظور شدہ نقشے اور موجودہ تعمیر کے فرق سے مکمل طور پر آگاہ کیا گیا؟ کیا عمارت کی سلامتی سے متعلق کوئی انجینئرنگ رپورٹ پیش کی گئی؟ کیا حکمِ امتناع میں ترمیم یا اسے ختم کروانے کے لیے مؤثر قانونی کوشش کی گئی؟عدالتی حکم کی پابندی لازم ہے ، لیکن اس حکم کا حوالہ دے کر تمام انتظامی ذمہ داریوں سے دستبردار ہوجانا ایک الگ معاملہ ہے ۔اگر انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہونے کی اطلاعات موجود ہوں تو متعلقہ ادارے کی ذمہ داری ہے کہ عدالت کو صورت حال سے آگاہ کرے اور قانون کے مطابق فوری چارہ جوئی کرے ۔کراچی میں حکمِ امتناع والے تمام تعمیراتی منصوبوں کا الگ رجسٹر ہونا چاہیے ، جس میں مقدمے کا نمبر، حکم کی تاریخ، اس کا دائرہ، عمارت کی موجودہ حالت اور ایس بی سی اے کی جانب سے ہونے والی قانونی کارروائی درج ہو۔اس طرح یہ معلوم کیا جاسکے گا کہ کتنے مقدمات میں عدالتی حکم واقعی کارروائی میں رکاوٹ تھا اور کتنے معاملات میں اسے انتظامی عدم کارروائی کے عمومی عذر کے طور پر استعمال کیا گیا۔

قانونی اختیارات موجود ہیں، نتائج کہاں ہیں؟
سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس 1979ء اور اس کے تحت وضع کردہ تعمیراتی ضوابط کی موجودگی میں کراچی کے تعمیراتی بحران کو قوانین کی عدم موجودگی کا نتیجہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔آرڈیننس میں تعمیراتی نقشوں، عمارتوں کی منظوری، خطرناک تعمیرات اور قانون کے نفاذ کا انتظام موجود ہے ۔ 2013ء کی ترامیم میں خصوصی عدالتوں اور قانون نافذ کرنے کے اضافی اختیارات سے متعلق دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔ دفعہ 18-Aخصوصی عدالتوں کے قانونی بندوبست، دفعہ 18-Bمتعلقہ افسران کے نفاذی اختیارات اور دفعہ 18-Cمتعلقہ جرائم کے لیے پولیس اسٹیشنوں کی نامزدگی سے متعلق ہے ۔
حکومت سندھ کو بتانا چاہیے کہ ان قانونی اختیارات کے تحت کتنی خصوصی عدالتیں عملی طور پر قائم ہوئیں، کتنے مقدمات درج ہوئے ، کتنے مقدمات کا فیصلہ ہوا اور کتنے سرکاری افسران کو تعمیراتی خلاف ورزیوں میں ذمہ دار قرار دے کر سزا دی گئی۔یہ اعداد اس لیے اہم ہیں کہ کسی غیرقانونی کاروبار کے خاتمے کے لیے صرف خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف کارروائی کافی نہیں ہوتی۔ اس کارروائی کا مالی اور قانونی نتیجہ بھی ایسا ہونا چاہیے کہ آئندہ خلاف ورزی کی معاشی ترغیب کم ہوجائے ۔اگر غیرقانونی تعمیرات سے ہونے والی آمدن برقرار رہے ، متعلقہ افراد معمولی مالی نقصان کے بعد کاروبار دوبارہ شروع کرسکیں اور سرکاری افسران کے خلاف تحقیقات غیرمعینہ مدت تک جاری رہیں تو قانون کا موجودہ نفاذ کاروبار کی بنیادی معاشی ساخت کو تبدیل نہیں کرتا۔

نجی منافع اور اجتماعی نقصان
غیرقانونی تعمیرات کا نقصان صرف عمارت کے انہدام تک محدود نہیں۔ ایک رہائشی پلاٹ کو متعدد فلیٹس یا پورشنز میں تبدیل کرنے سے پورے علاقے کی شہری منصوبہ بندی متاثر ہوسکتی ہے ۔پانی، سیوریج، بجلی، گیس، پارکنگ اور سڑکوں کی گنجائش مخصوص آبادی کے حساب سے مقرر کی جاتی ہے ۔ جب ایک خاندان کے لیے مختص پلاٹ پر کئی خاندانوں کی رہائش کا انتظام کردیا جائے تو بنیادی شہری سہولتوں پر اضافی دباؤ پڑتا ہے ۔ بلڈر اضافی یونٹس فروخت کرکے منصوبے سے نکل سکتا ہے ، لیکن پانی کی قلت، سیوریج کے مسائل، ٹریفک، پارکنگ
اور عمارت کی طویل مدتی سلامتی کا بوجھ مستقل طور پر شہریوں کے حصے میں آتا ہے۔
یہ غیرقانونی تعمیرات کی سیاسی معیشت کا سب سے غیرمنصفانہ پہلو ہے کہ مالی فائدے کی نجکاری ہوجاتی ہے جبکہ نقصان پورے معاشرے میں تقسیم کردیا جاتا ہے ۔اس کا ایک اور پہلو سرکاری اخراجات سے متعلق ہے ۔ جب کوئی عمارت منہدم ہوتی ہے تو امدادی کارروائیوں، ملبہ ہٹانے ، طبی سہولتوں، پولیس کی تعیناتی اور متاثرین کی ممکنہ امداد پر عوامی وسائل خرچ ہوتے ہیں۔گویا جس منصوبے کے مالی فوائد نجی افراد کو پہنچے ، اس کے ناکام ہونے کی قیمت بھی بالآخر سرکاری خزانے اور شہریوں کو ادا کرنا پڑتی ہے ۔اس لیے تعمیراتی بدعنوانی کو محض رشوت کی وصولی کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے ۔ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے شہری، معاشی اور انسانی نقصانات بھی اس کے مجموعی حساب کا حصہ ہونے چاہئیں۔

سستی رہائش کی قلت اور غیرقانونی کاروبار کی منڈی
کراچی میں متوسط اور کم آمدن والے خاندانوں کے لیے قانونی اور قابل استطاعت رہائش کی قلت بھی غیرقانونی تعمیرات کے کاروبار کو تقویت دیتی ہے ۔بہت سے خریدار اپنی تمام جمع پونجی کسی ایسے فلیٹ یا پورشن پر خرچ کردیتے ہیں جس کی قانونی حیثیت، منظور شدہ نقشے یا تکمیلی سرٹیفکیٹ کے بارے میں انہیں مکمل معلومات فراہم نہیں کی جاتیں۔اگر کسی عمارت کی غیرقانونی حیثیت برسوں بعد سامنے آئے تو اس وقت تک اصل بلڈر مالی فائدہ حاصل کرکے منصوبے سے نکل چکا ہوتا ہے ، جبکہ خریدار مسماری، بے دخلی اور مالی تباہی کے خطرے سے
دوچار ہوجاتا ہے ۔یہاں ریاست کی ذمہ داری محض غیرقانونی عمارت گرانے تک محدود نہیں۔ اسے غیرقانونی یونٹس کی فروخت کو ابتدائی مرحلے پر روکنے ، خریداروں کو منصوبے کی قانونی حیثیت سے آگاہ کرنے اور جہاں دھوکا دہی ثابت ہو وہاں متاثرین کو قانونی داد رسی فراہم کرنے کا انتظام بھی کرنا چاہیے ۔اگر منظور شدہ نقشے ، قانونی منزلوں کی تعداد اور تکمیلی سرٹیفکیٹ عوامی طور پر قابل رسائی ہوں تو خریدار اپنی سرمایہ کاری سے پہلے منصوبے کی حیثیت معلوم کرسکتے ہیں۔اس کے ساتھ حکومت کو قانونی اور قابل استطاعت رہائش کی فراہمی کے لیے بھی پالیسی مرتب کرنا ہوگی۔ محض مسماری سے رہائش کی طلب ختم نہیں ہوگی۔ اگر قانونی رہائش عام شہری کی استطاعت سے باہر رہے تو غیرقانونی کاروبار کے لیے منڈی برقرار رہے گی۔

بلند عمارتیں تعمیر کرنے والے مزدوروں کی پیشہ ورانہ سلامتی، بیمے اور حادثاتی معاوضے کا نظام خصوصی توجہ کا متقاضی ہے۔

مزدوروں کی زندگی:تعمیراتی معیشت کا غیرمحفوظ ترین حصہ
کراچی ایڈمن سوسائٹی کے سانحے میں لاپتہ مزدوروں کی تعداد کے حوالے سے سامنے آنے والی مختلف اطلاعات تعمیراتی شعبے کے ایک بنیادی انسانی مسئلے کی نشاندہی کرتی ہیں۔تعمیراتی منصوبے میں زمین، سریے ، سیمنٹ، ٹھیکوں اور فروخت ہونے والے یونٹس کا مالی حساب رکھا جاتا ہے ، لیکن عمارت تعمیر کرنے والے مزدوروں کی حاضری، شناخت، حفاظتی تربیت، بیمہ اور حادثاتی معاوضے کا نظام اکثر غیرشفاف رہتا ہے ۔سندھ میں پیشہ ورانہ صحت و سلامتی اور مزدوروں کے تحفظ سے متعلق قانونی ذمہ داریوں کا تعمیراتی شعبے میں عملی نفاذ بھی جانچنے کی ضرورت ہے ۔ہر زیر تعمیر عمارت میں کام کرنے والے افراد کا باقاعدہ رجسٹر، ہنگامی رابطوں کا ریکارڈ اور حادثاتی تحفظ کا انتظام ہونا چاہیے ۔ کسی حادثے کے بعد ٹھیکیدار یا بلڈر کی عدم دستیابی مزدور کے خاندان کو اس کے قانونی حقوق سے محروم کرنے کا سبب نہیں بننی چاہیے ۔ متاثرین کے لیے امدادی رقوم کا اعلان بھی مستقل قانونی معاوضے ، بیمے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا متبادل نہیں ہوسکتا۔

تحقیقات کا رخ مالی فائدہ حاصل کرنے والوں کی طرف کیوں نہیں جاتا؟
عمارت کے انہدام کے بعد تحقیقات عموماً تعمیراتی مواد، نقشے کی خلاف ورزی اور متعلقہ فیلڈ افسران کے کردار کے گرد گھومتی ہیں۔ یہ تمام پہلو اہم ہیں، لیکن منظم بدعنوانی کی تحقیقات کے لیے مالی ریکارڈ زیادہ فیصلہ کن ہوسکتا ہے ۔یہ معلوم کیا جائے کہ منصوبے کے لیے سرمایہ کہاں سے آیا، زمین کی خریداری اور تعمیراتی ادائیگیاں کس نے کیں، ممکنہ فلیٹس کی بکنگ سے حاصل ہونے والی رقم کہاں گئی اور منصوبے کے حقیقی مالی شراکت دار کون تھے ۔اگر کسی سرکاری افسر کی مبینہ شراکت یا ناجائز ادائیگی کے شواہد سامنے آئیں تو اس کے مالی اثاثوں،
آمدن، متعلقہ کاروباری افراد سے تعلق اور سابقہ تعیناتیوں کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے ۔تعمیراتی ادارے کے کسی افسر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کو اس کی تمام سابقہ فیلڈ پوسٹنگز سے الگ کرکے نہیں دیکھنا چاہیے ۔ جہاں شواہد موجود ہوں وہاں متعلقہ مدت میں منظور ہونے والے نقشوں، غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں اور مالی لین دین کا باہمی موازنہ کیا جائے ۔اس نوعیت کی تحقیقات سے معلوم ہوسکتا ہے کہ بدعنوانی کسی ایک منصوبے تک محدود تھی یا متعدد تعمیراتی منصوبوں کے درمیان کوئی مشترکہ مالی اور انتظامی
تعلق موجود تھا۔

سندھ حکومت کی سیاسی ذمہ داری
کراچی ایڈمن سوسائٹی کے سانحے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے منسوب بیان میں یہ مؤقف سامنے آیا کہ اتنی بڑی غیرقانونی تعمیر سرکاری افسران کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں۔یہ اعتراف اس لیے اہم ہے کہ صوبائی حکومت خود معاملے کو محض اتفاقی حادثہ یا کسی بلڈر کی انفرادی غلطی تک محدود نہیں سمجھ رہی۔لیکن اس اعتراف کا منطقی تقاضا یہ ہے کہ تحقیقات کا دائرہ ماتحت افسران سے آگے بھی بڑھے ۔ ایس بی سی اے کی اعلیٰ تقرریاں، انتظامی نگرانی، محکمانہ کارروائیاں اور پالیسی سازی سندھ حکومت کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں۔ اگر اس ادارے کے اندر مسلسل کئی برسوں تک ایک ہی نوعیت کی خلاف ورزیاں، عدالتی اعتراضات اور انسانی سانحات سامنے آئیں تو حکومت اپنی سیاسی اور انتظامی ذمہ داری سے محض ماتحت افسران کو معطل کرکے سبکدوش نہیں ہوسکتی۔کسی وزیر یا اعلیٰ حکومتی عہدے دار کی مالی بدعنوانی یا مجرمانہ شراکت کا الزام دستاویزی شواہد کے بغیر ثابت نہیں کیا جاسکتا، لیکن اپنے ماتحت ادارے کی مسلسل ناکامی پر سیاسی جواب دہی کا مطالبہ ایک الگ اور جائز معاملہ ہے ۔2020ء میں سپریم کورٹ کی مداخلت، 2023ء میں شاہ فیصل کالونی کا سانحہ، 2024ء میں وزیراعلیٰ انسپیکشن ٹیم کی تحقیقات اور 2025ء میں لیاری کی عمارت کے انہدام کے بعد صوبائی حکومت کے پاس اصلاحات کے متعدد مواقع موجود تھے ۔اگر ان مواقع کے باوجود نومبر 2026ء میں پھر اسی نوعیت کی تعمیراتی لاقانونیت سامنے آئی تو حکومت کو اپنے سابقہ فیصلوں اور اصلاحاتی اقدامات کی ناکامی کا حساب دینا ہوگا۔حکومت کی سیاسی ذمہ داری اس بات سے متعین نہیں ہوتی کہ حادثے کے بعد وزیراعلیٰ کتنی سخت زبان استعمال کرتے ہیں۔ اس کا معیار یہ ہے کہ حادثے سے پہلے خطرات کی نشاندہی پر کیا اقدامات کیے گئے اور سابقہ
سانحات سے کیا عملی سبق حاصل کیا گیا۔

‘‘سسٹم’’ کے خاتمے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات
تعمیراتی لاقانونیت کے خاتمے کے لیے سب سے پہلے نقشوں کی منظوری اور تعمیراتی نگرانی کے عمل کو عوامی جانچ کے لیے کھولنا ہوگا۔ ہر پلاٹ کا منظور شدہ نقشہ، قانونی تعمیراتی حدود، خلاف ورزیوں کے نوٹس اور متعلقہ منصوبے کی موجودہ حیثیت ایک قابل رسائی آن لائن پورٹل پر موجود ہونی چاہیے ۔تعمیر کے مختلف مراحل پر لازمی انجینئرنگ معائنہ ہو اور اس کا تاریخ وار ریکارڈ محفوظ کیا جائے ۔ کسی غیرمنظور شدہ اضافی منزل کی موجودگی کا پتا عمارت گرنے کے بعد نہیں بلکہ تعمیر کے دوران چلنا چاہیے ۔افسران کی تعیناتی، معطلی، محکمانہ تحقیقات، بحالی اور دوبارہ فیلڈ پوسٹنگ کا شفاف رجسٹر مرتب کیا جائے ۔ حساس عہدوں پر تعیناتی کے فیصلے سابقہ کارکردگی اور محکمانہ ریکارڈ کی بنیاد پر ہوں۔ مسماری کی کارروائیوں کی آزادانہ تصدیق کا انتظام کیا جائے ۔ ہر کارروائی کے ساتھ پلاٹ کی شناخت، قانونی خلاف ورزی، کارروائی سے پہلے اور بعد کی تصاویر اور بعد کی نگرانی کا ریکارڈ موجود ہو۔

تعمیراتی قوانین کے نفاذ کا ذمہ دار ادارہ؛ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کی مؤثریت آزادانہ جانچ کی متقاضی ہے

عدالتی حکمِ امتناع والے منصوبوں کی نگرانی کے لیے مستقل قانونی انتظام قائم کیا جائے ، جبکہ عمارتوں کے انہدام کی فرانزک تحقیقات ایسے آزاد انجینئرنگ بورڈ سے کرائی جائیں جس کا متعلقہ تعمیراتی منصوبے یا ایس بی سی اے کی سابقہ نگرانی سے کوئی تعلق نہ ہو۔تعمیراتی کارکنوں کے اندراج، بیمے اور حادثاتی معاوضے کے نظام کو مؤثر بنایا جائے ۔ خطرناک رہائشی عمارتوں کے مکینوں کے لیے عارضی اور مستقل آبادکاری کی پالیسی وضع کی جائے ۔سندھ اسمبلی میں سالانہ بنیاد پر تعمیراتی قوانین کے نفاذ، خطرناک عمارتوں، محکمانہ کارروائیوں، بحالیوں اور مقدمات کے حتمی نتائج کی رپورٹ پیش کی جائے ۔
روزنامہ جرأت سمیت ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی تعمیراتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کو بھی سرکاری شکایتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے ۔ ہر اطلاع کی زمینی تصدیق ہو اور اس پر ہونے والی کارروائی کا نتیجہ محفوظ کیا جائے ۔ان اقدامات کا بنیادی مقصد قانون نافذ کرنے والے افسر کے انفرادی اختیار کو ختم کرنا نہیں بلکہ اس اختیار کو قابل نگرانی، قابل تصدیق اور جواب دہ بنانا ہے ۔

سندھ حکومت کے سامنے اصل انتخاب
کراچی میں غیرقانونی تعمیرات کے مبینہ سسٹم کی تحقیقات صرف اس بات کا تعین کرنے کے لیے نہیں ہونی چاہئیں کہ کس افسر نے کتنی رشوت لی یا کس بلڈر نے کتنی اضافی منزلیں تعمیر کیں۔تحقیقات میں یہ بھی معلوم کرنا چاہیے کہ قانون کی خلاف ورزی کو ایک مسلسل منافع بخش کاروبار بنانے والے انتظامی اور معاشی عوامل کیا ہیں، ان کے خاتمے کے لیے حکومت نے کیا اقدامات کیے اور سابقہ اقدامات غیرمؤثر کیوں ثابت ہوئے ۔
اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کی کارروائیوں سے متعلق ریکارڈ غیرشفاف ہو، محکمانہ تحقیقات کے نتائج معلوم نہ ہوں، حساس تعیناتیوں کا معیار واضح نہ ہو اور تعمیراتی خلاف ورزیوں سے حاصل ہونے والے مالی فائدے کا احتساب نہ ہوسکے تو چند افسران کی معطلی سے اس کاروبار کی بنیادی ساخت تبدیل نہیں ہوگی۔‘‘سسٹم’’ کے خاتمے کا مطلب کسی ایک عہدے دار یا مبینہ نیٹ ورک کو ہٹانا نہیں، بلکہ اس انتظامی ماحول کو تبدیل کرنا ہے جس میں ایک نیٹ ورک کی جگہ دوسرا نیٹ ورک پیدا ہوسکتا ہے۔حکومت سندھ کو اپنے ادارے میں ایسے انتظامی بندوبست کی ضرورت ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے کے لیے دیانت داری نقصان دہ اور بدعنوانی فائدہ مند نہ رہے ، جس میں قانونی تعمیر کرنے والا بلڈر غیرقانونی تعمیر کرنے والے کے مقابلے میں معاشی نقصان نہ اٹھائے اور جس میں شہری کو اپنی جمع پونجی سے خریدے گئے مکان کی قانونی حیثیت معلوم کرنے کے لیے کسی غیررسمی ذریعے پر انحصار نہ کرنا پڑے ۔
کراچی میں تعمیراتی لاقانونیت کا اصل خاتمہ اس دن ہوگا جب اضافی غیرقانونی منزل تعمیر کرنے سے پہلے بلڈر کو یہ یقین ہو کہ اس کا مالی فائدہ محفوظ نہیں رہے گا، اور قانون نافذ کرنے والے افسر کو یہ یقین ہو کہ اس کی عدم کارروائی کا حساب لیا جائے گا۔اس وقت تک عمارتوں کا انہدام محض تعمیراتی حادثہ نہیں بلکہ حکمرانی کی ناکامی کا بار بار دہرایا جانے والا نتیجہ رہے گا۔ریاست کی کامیابی اس میں نہیں کہ وہ ملبے کے نیچے سے کتنے انسان نکال سکتی ہے ، بلکہ اس میں ہے کہ وہ اپنے اختیارات کے ذریعے کتنے انسانوں کو ملبے کے نیچے جانے سے بچاتی ہے ۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں