اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ سیل، بیٹا گرفتار
شیئر کریں
امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں، سی ڈی اے نے مالک کی گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی
امان اللہ ذاتی طور پر نوٹس وصول کرنے کیلئے دستیاب نہ ہوئے
شوکاز نوٹس مکان کے احاطے میں چسپاں کر کے کارروائی سے آگاہ کیا گیا
ظلم و جبر میں شہباز شریف حکومت نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں
کارکن اشتعال میں نہ آئیں ،صبر وتحمل سے جبر کا مقابلہ کرینگے، ترجمان جے یو آئی
خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ بصورتِ تمام تر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی
ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اتنا ہی ظلم کریں جتنا کل خود برداشت کر سکیں، اسلم غوری
جمعیت علمائے اسلام (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ کو سیل اور وہاں موجود ان کے بیٹے اسجد محمود کو گرفتار کر لیا گیا۔کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے جمعیت علمائے اسلام (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ کو سیل کرنے کا حکم دیا ہے۔
کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے گھر کے مالک امان اللہ کی گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی۔سی ڈی اے کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی ایجنسیوں نے اطلاع دی ہے کہ امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں۔
سی ڈی اے کے حکم نامے میں کہا گیا کہ امان اللہ کا پاکستان کا شناختی کارڈ منسوخ ہو چکا ہے، انہیں 26 نومبر کو سی ڈی اے میں طلبی کا نوٹس بھیجا گیا تھا۔سی ڈی اے کے حکم نامے کے مطابق امان اللہ کے پیش نہ ہونے پر گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کی جا رہی ہے۔
سی ڈی اے کے 4 صفحات پر جاری ہونے والے آرڈر میں کہا گیا کہ سیکٹر جی سکس فور، اسٹریٹ نمبر 83، مکان نمبر 7 کی ملکیت کی تبدیلی فوری منسوخ کر دی گئی ہے، 1200 مربع گز کا گھر امان اللہ کے نام منتقل کیا گیا تھا۔
سی ڈی اے کے مطابق سرکاری اداروں کی رپورٹس میں امان اللہ کو غیر ملکی شہری قرار دیا گیا، اسپیشل برانچ کی 22 نومبر 2026 کی رپورٹ کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کی گئیں، امان اللہ کا شناختی کارڈ والدین کے شناختی کارڈز کی بنیاد پر جاری ہوا تھا، امان اللہ کے والد محمد یونس کے نام پر 2 شناختی کارڈ موجود تھے۔
سی ڈی اے کے آرڈر میں کہا گیا کہ خاندانی ریکارڈ میں تضاد پر نادرا نے امان اللہ کا شناختی کارڈ منسوخ کر دیا تھا، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے 25 نومبر کو سی ڈی اے کو معاملے سے آگاہ کیا، سی ڈی اے نے 25 نومبر کو امان اللہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی۔
سی ڈی اے کے مطابق امان اللہ ذاتی طور پر نوٹس وصول کرنے کیلئے دستیاب نہ ہوئے، شوکاز نوٹس مکان کے احاطے میں چسپاں کر کے کارروائی سے آگاہ کیا گیا، سی ڈی اے نے دستیاب سرکاری ریکارڈ اور نادرا کی تصدیقی رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کیا اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ غیر ملکی شہری پیشگی تحریری اجازت کے بغیر پاکستان میں زمین یا جائیداد حاصل نہیں کر سکتا۔
دریں اثناء جے یو آئی نے بھی تصدیق کی کہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسلم غوری کے مطابق انتظامیہ نے اہل خانہ کوگھر سے نکال کر اسے سیل کردیا ہے جس کے بعداہل خانہ روانہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر میں میاں شہباز شریف حکومت نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں،کارکن اشتعال میں نہ آئیں ،صبر وتحمل سے جبر کا مقابلہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔ اسلم غوری نے کہا کہ پولیس نے ممبران پارلیمنٹ کی توہین کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ خواتین ممبر کو پولیس اہلکاروں نے زدوکوب کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کے داماد افاق جان کو بھی پولیس نے زدوکوب کیا۔ ترجمان نے کہا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ، خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔
اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج مؤخر کیا مگر حکومت نے اس تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا۔ اسلم غوری نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں، حکومت تصادم پر کیوں تْلی ہوئی ہے؟ حکمران کس کے اشارے پر حالات خراب کر رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر رہائش گاہ کا گھیراؤ ختم کرے اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ بصورتِ دیگر تمام تر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔انہوںنے کہاکہ ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اتنا ہی ظلم کریں جتنا کل خود برداشت کر سکیں۔


