میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کوئی ایک جماعت نئے صوبوں کے قیام کو روک نہیں سکتی، یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، طارق فضل چوہدری

کوئی ایک جماعت نئے صوبوں کے قیام کو روک نہیں سکتی، یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، طارق فضل چوہدری

جرات ڈیسک
منگل, ۲۴ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

جمہوریت کو ری سیٹ کرنے سے مراد نظام کو بند کرکے دوبارہ شروع کرنا نہیں بلکہ اس کے اندر موجود کمزوریوں، نقائص اور مسائل کو دور کرنا ہے

اسلام آباد کی جیل میں ابھی تک معاملات مکمل نہیں ہوئے، عمران خان کی منتقلی بارے فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، وفاقی وزیر پارلیمانی امور

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام کسی ایک جماعت یا صوبے کا معاملہ نہیں بلکہ یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، کوئی ایک سیاسی جماعت نہ تو صوبے بنا سکتی ہے اور نہ ہی ان کے قیام کو روک سکتی ہے، اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو آئینی طریقہ کار کے تحت اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ملک میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماں، وزرا اور دیگر شخصیات کی جانب سے بیانات سامنے آ رہے ہیں، جبکہ میڈیا پر کانفرنسز، سیمینارز اور ٹاک شوز میں بھی اس معاملے پر بحث جاری ہے۔یہ جمہوری عمل کا حصہ ہے، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ اس معاملے پر باضابطہ اور تفصیلی بحث پارلیمنٹ میں لائی جائے تاکہ تمام سیاسی جماعتیں اپنا موقف پیش کر سکیں۔نئے صوبوں کے قیام سے متعلق فیصلہ قومی اتفاق رائے کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔

صوبوں کے حوالے سے کسی بھی فیصلے میں اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ قومی یکجہتی متاثر نہ ہو اور ملک میں کسی قسم کی تفریق یا انتشار پیدا نہ ہو۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نئے صوبوں کے حامیوں کی جانب سے انتظامی اور دیگر فوائد کے جو دلائل دئیے جا رہے ہیں، ان پر بھی پارلیمنٹ میں کھل کر بات ہونی چاہیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جمہوریت کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جمہوریت کو ری سیٹ کرنے سے مراد نظام کو بند کرکے دوبارہ شروع کرنا نہیں بلکہ اس کے اندر موجود کمزوریوں، نقائص اور مسائل کو دور کرنا ہے۔

اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر قومی مفاد کے ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا جن پر سیاسی جماعتوں اور صوبوں کے درمیان اختلاف رائے موجود نہیں۔ یہ کسی ایک سیاسی جماعت یا صوبے کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک قومی معاملہ ہے، جس پر تمام سیاسی قوتوں اور صوبوں کو مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سخت بیانات اور سندھ کی تقسیم کی مخالفت سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اپنا موقف اختیار کرنا اس کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ قومی اتفاق رائے کا بنیادی مقصد ہی یہ ہے کہ مختلف آرا رکھنے والی سیاسی جماعتیں ایک میز پر بیٹھیں، ایک دوسرے کا مقف سنیں اور باہمی مشاورت سے کسی متفقہ نتیجے پر پہنچیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کا معاملہ کسی ایک جماعت یا کسی ایک صوبے تک محدود نہیں، بلکہ یہ پاکستان کا قومی معاملہ ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس بحث میں حصہ لینا ہوگا اور آئینی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھنا ہوگا۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت اور اس معاملے میں حکومت کے ساتھ ممکنہ تعاون سے متعلق سوال پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ صوبوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کا موقف بھی اس کا جمہوری حق ہے تاہم جہاں تک تحریک انصاف کے دیگر معاملات اور ریلیف کا تعلق ہے تو اس کے لیے اسے عدالتی راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ طور پر اڈیالہ جیل سے اسلام آباد جیل منتقلی اور ان سے ملاقات کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اسلام آباد کی جیل میں ابھی تک معاملات مکمل نہیں ہوئے، اس لیے عمران خان کی وہاں منتقلی کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں